ضمنی الیکشن: نتائج آنے کا سلسلہ جاری، اکثر حلقوں میں مسلم لیگ ن کو واضح برتری
اتوار 23 نومبر 2025 21:00
پنجاب میں قومی اسمبلی کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی سات خالی نشستوں پر اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق قومی اور صوبائی دونوں سطحوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو واضح برتری حاصل ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک صوبائی حلقے میں آگے ہے۔
مختلف علاقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 96 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد بلال بدر 79,278 ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار نواب شیر وِسیر 26,483 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس حلقے کے 345 میں سے 154 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
فیصل آباد ہی کے حلقہ این اے 104 میں مسلم لیگ (ن) کے دانیال احمد 18,521 ووٹوں کے ساتھ برتری پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار رانا عدنان 6,054 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ یہاں 375 میں سے 145 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔
صوبائی سطح پر فیصل آباد کے حلقہ پی پی 98 میں مسلم لیگ (ن) کے آزاد علی تبسم 32,491 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار محمد اجمل 21,485 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ 171 میں سے 80 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
پی پی 115 میں مسلم لیگ (ن) کے میاں طاہر جمیل 20,660 ووٹ لے کر واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار محمد اصغر 1,238 ووٹ لے سکے۔ 159 میں سے 119 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آ چکے ہیں۔
حلقہ پی پی 116 میں مسلم لیگ (ن) کے رانا احمد شہریار 22,675 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار اصغر علی قیصر 4,865 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ 190 میں سے 75 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
لاہور کے حلقہ این اے 129 میں 267 پولنگ سٹیشنز کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں، جہاں ٹرن آؤٹ 15.77 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے حافظ میاں محمد نعمان 54,014 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 23,786 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ساہیوال کے حلقہ این اے 143 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد توفیل 118,750 ووٹوں کی نمایاں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار زرہ اکبر چوہدری 11,508 ووٹ لے سکے۔ 442 میں سے 410 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
صوبائی حلقہ پی پی 203 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد حنیف 45,165 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار فلک شیر کو 10,721 ووٹ ملے۔ 185 میں سے 179 پولنگ سٹیشنز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 185 میں مسلم لیگ (ن) کے محمود قادر خان 43,594 ووٹ لے کر برتری پر ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 19,456 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ 226 میں سے 100 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
سرگودھا کے صوبائی حلقہ پی پی 73 میں مسلم لیگ (ن) کے میاں سلطان علی رنجھا 25,508 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں، جبکہ آزاد امیدوار محمد حارث 6,080 ووٹ لے سکے ہیں۔ 163 میں سے 63 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
میاں والی کے حلقہ پی پی 87 میں مسلم لیگ (ن) کے علی حیدر نور خان نیازی 23,858 ووٹ لے کر برتری پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار محمد ایاز خان نیازی 1,038 ووٹ حاصل کر سکے۔ 193 میں سے 55 پولنگ سٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔
مظفرگڑھ کے حلقہ پی پی 269 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے میاں علمدار عباس قریشی 34,946 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ آزاد امیدوار محمد اقبال خان پتافی 24,139 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 156 میں سے 79 پولنگ سٹیشنز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔