جوا ایپ کی تشہیر کیس، سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی ضمانت منظور
یوٹیوبر ڈکی بھائی کو 16 اگست کو آن لائن جُوئے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا (فوٹو: فیس بک)
عدالت نے جوا ایپ پرموشن کیس میں یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
پیر کو ڈکی بھائی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شہرام سرور نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
ملزم کی جانب سے ایڈووکیٹ عمران چدھڑ نے دلائل دیے جس کے بعد عدالت نے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
یوٹیوبر ڈکی بھائی کو 16 اگست کو آن لائن جُوئے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ ملزم بیرون ملک فرار کی کوشش میں پکڑا گیا۔ ملزم پر غیر قانونی آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ڈکی بھائی نے یوٹیوب اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ون ایکس بیٹ اور بائنومو جیسی ایپس کو فروغ دیا۔
مقدمے میں شہریوں کو جوا بازی اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں ملوث کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم سے آئی فون سولہ پرو میکس برآمد، مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا تھا۔ یوٹیوبر ڈکی بھائی کے اثاثوں کا ریکارڈ بھی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے طلب کیا تھا۔
ڈکی بھائی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تحقیقات کررہی ہے۔
بعدازاں ڈکی بھائی کے اہلیہ کی طرف سے ایف آئی اے کو درخواست دی گئی کہ ان سے بھاری رشوت طلب کی گئی جس پر ایف آئی اے کارروائی کرتے ہوئے اپنے ہی محکمے کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاریوں کا آغاز کیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سرفراز چوہدری سمیت چار ملازمین کو حراست میں لیا گیا۔
