Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جُوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام، یوٹیوبر ڈکی بھائی گرفتار

مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے خلاف آن لائن جُوا اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ڈکی بھائی کو گذشتہ رات لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم بیرون ملک فرار کی کوشش میں پکڑا گیا۔ ملزم پر غیر قانونی آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ڈکی بھائی نے یوٹیوب اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ون ایکس بیٹ اور بائنومو جیسی ایپس کو فروغ دیا۔
مقدمے میں شہریوں کو جوا بازی اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں ملوث کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم سے آئی فون سولہ پرو میکس برآمد، مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ یوٹیوبر ڈکی بھائی کے اثاثوں کا ریکارڈ بھی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے طلب کر لیا ہے۔
ڈکی بھائی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تحقیقات کررہی ہے اور ان کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل ہے۔
ڈکی بھائی بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم ان کا نام پہلے ہی پی این آئی ایل فہرست میں شامل تھا جس کے باعث انہیں ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔
خیال رہے کہ اپریل میں موٹروے پولیس نے ڈکی بھائی کے خلاف دوران ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے دو مقدمات دائر کیے تھے۔
ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلائی اور یہ کہ ان کی گاڑی 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔
ان مقدمات کے بعد ڈکی بھائی نے ضمانت حاصل کرلی تھی، تاہم اب ان کے خلاف سائبر کرائم ایجنسی نے علیحدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

 

شیئر: