Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں قدیم سلطنتوں کا میلہ، ’وقت کی سرحدیں عبور کرتا‘ ڈرون لیزر شو

العلا کے تاریخی علاقے الحجر میں فیسٹیول جاری ہے جہاں قدیم سلطنتوں سمیت علاقے کی تاریخ کو نئے انداز سے پیش کیا جا رہا ہے۔
یہاں ایک نئے ایونٹ کا اضافہ بھی ہوا ہے جسے ’الحجر کی شام‘ کا نام دیا گیا ہے۔ نئے ایونٹ میں ڈرون لیزر شو کے ذریعے قدیم سلطنتوں کی تاریخ بیان کی جاتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ تجربہ ثقافتی جمالیات اور فنی پہلو کو یکجا کرتا ہے تاکہ وزیٹرز تاریخ، فن، بخور اور مشاہدے جیسے ماحول سے بھرپور ایسے امتزاج کو محسوس کریں جو نبطیوں کی کہانیاں جدید اسلوب میں بیان کرتا ہے۔
اس تجربے نے 2025 میں مشرقِ وسطیٰ کے بہترین فنی و ثقافتی ایونٹ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد دوبارہ نئی شان کے ساتھ واپسی کی ہے جہاں گھوڑا گاڑیوں کے ذریعے وزیٹرز کو تاریخی مقامات کی سیر کرائی جاتی ہے۔
آثار قدیمہ کی دلکش روشنیاں اور بخور کی مہک ایسا ماحول پیدا کرتی ہیں جو وقت کی سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے ماضی اور حال کے درمیان ربط قائم کرتا ہے۔

 

رات ڈھلتے ہی العلا کا آسمان ایک کینوس میں تبدیل ہو جاتا ہے جہاں ڈرون شو کے ذریعے ’سٹوریز فرام دی سکائی‘ یا ’آسمان سے کہانیاں‘ سنائی جاتی ہیں۔
یہ شو 2025 میں سعودی عرب کا بہترین تفریحی شو قرار پایا ہے۔
سینکڑوں ہم آہنگ ڈرون لائٹس ایسی بصری تشکیل پیش کرتی ہیں جو العلا سے گزرنے والی تہذیبوں کی کہانیاں بیان کرتی ہیں اور ان کے رموز اور ورثے کو جدید طرز میں ہر عمر کے مطابق پیش کرتی ہیں۔

الحجر کے تاریخی مقام پر متعدد فنی و ثقافتی مظاہرے منعقد کیے جاتے ہیں جو اس جگہ کی تہذیبی و ثقافتی گہرائیوں کو پیش کرتے ہیں۔
یہ تمام تجربات مل کر ایک ایسی ثقافتی و فنی دنیا تخلیق کرتے ہیں جو العلا کے تاریخی ورثے کو جدید طریقوں سے اجاگر کرتی ہے اور وزیٹر کو زمین سے آسمان تک پھیلی ہوئی ایک ایسی دلکش مسافت پر لے جاتی ہے جو اصل اور تخلیق کا حسین امتزاج ہے۔
یہی وہ خصوصیت ہے جو العلا کو عالمی سطح پر ثقافت، فنون اور سیاحت کا ایک منفرد مرکز بناتی ہے۔

شیئر: