شمال مغربی عرب کا ثقافتی ورثہ، العلا میں قدیم سلطنتوں کا میلہ
العلا میں قدیم سلطنتوں کا میلہ (اینشینٹ کنگڈمز فیسٹیول 2025) کا باقاعدہ آغاز الہجر کے آثارِ قدیمہ کے مقام پر منعقدہ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا، جو یونیسکو کے اہم ورثہ مقامات میں سے ایک ہے۔
تقریب میں تاریخ، ثقافت اور مقامی روایات سے بھرپور ایک شاندار پریزنٹیشن پیش کی گئی۔
تقریب کے آغاز میں مہمانوں کا استقبال العلا کے مقامی قصہ گو نے کیا، جو شہر کی تاریخ اور قدیم تجارتی راستے پر اس کے اہم کردار کی دلچسپ کہانیاں سناتے ہیں۔
العلا کی رائل کمیشن کے نائب صدر برائے ثقافت ڈاکٹر عبدالرحمٰن السہیبانی نے بتایا کہ العلا اب دنیا کے اہم ترین آثار قدیمہ کے علاقوں میں شمار ہوتی ہے، اور اس کی تاریخی اہمیت پہلے سے زیادہ واضح ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول شمال مغربی عرب کے شاندار ثقافتی ورثے کو اجاگر کرتا ہے۔
اینشینٹ کنگڈمز فیسٹیول چھ دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس سال کا موضوع ’جرنی تھرو ٹائم‘ ہے جس کے تحت آنے والے سیاح العلا کی قدیم تاریخ، مختلف تہذیبوں اور روایات کو قریب سے جان سکیں گے۔