کنگ خالد فاونڈیشن نے 2025 ایوارڈ کے فاتحین کا اعلان کردیا
سال 2025 کے تقسیمِ ایوارڈ کی تقریب 3 دسمبر کو منعقد کی جائے گی۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت ریاض میں پیر کو کنگ خالد ایوارڈ 2025 کے فاتحین کے ناموں کا اعلان ایک تقریب میں کیا گیا ہے، جس میں ترقی، پائیداری اور غیر منافع بخش کارکردگی میں قائدین کو اعزاز دیا گیا۔
خادم حرمین شریفین کے مشیر اور بورڈ آف ٹرسٹیز و کنگ خالد ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن خالد بن عبدالعزیز نے بتایا’ سال 2025 کے تقسیمِ ایوارڈ کی تقریب 3 دسمبر کو منعقد کی جائے گی۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مختلف شعبوں میں ایوارڈز کا اعلان کیا گیا جن میں ڈویلپمنٹ پارٹنرز ایوارڈ، غیرمنافع بخش تنظیموں کا ایکسی لینس ایوارڈ اور پائیداری ایورڈ شامل ہیں۔
شہزادہ فیصل بن خالد نے پریس کانفرنس میں بتایا اس سال کے ایوارڈز کے لیے ایسے افراد اور آرگنائزیشنز کا انتخاب کیا گیا ہے جن کے کام مملکت میں پائیدار ترقی کے اثرات کو نمایاں کرتے ہیں۔‘
کنگ خالد ایوارڈ 2008 میں جاری کیا گیا تھا جو مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک نمایاں پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

ایوراڈ کا مقصد غیرمنافع بخش شعبوں میں کارکردگی اور معیار کو بہتر بنانا اور سماجی جدت کو فروغ دینا ہے۔ ایوارڈ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ انسان ترقی کا مرکز و محور ہے۔
پائیداری کی کیٹیگری کے فاتحین میں ’ایس ٹی سی‘ گروپ نے پہلی پوزیشن، سعودی کان کنی کمپنی ’معادن‘ نے دوسری اور الانما بنک نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

فلاحی وغیرمنافع بخش ایکسی لینس ایوارڈ کےلیے مشرقی ریجن کی فلاحی تنظیم ’بناء ‘ کو پہلی پوزیشن ملی حفر الباطن کی فلاحی تنظیم ’تراوف‘ دوسری اور تیسری پر الاحسا کی فلاحی تنظیم ’البر‘ تیسرے نمبر پر رہی۔
ڈیولپمنٹ پارٹنرز کی کیٹیگری کے فاتحین میں پہلا ایوارڈ تعلیم القرآن کریم ایپ ’مدکر‘ کو سماجی اور معاشی چیلنجز کے جامع حل پیش کرنے پر دیا گیا۔
دوسرا ایوارڈ ’حکینا سوشل کمپنی‘ ملا جبکہ تیسری پوزیشن ’مقعد القفیہ‘ اقدام کے نام رہی۔
