موسم سرما کی آمد، مدینہ میں ’حدائق منورہ‘ منصوبے کا آغاز
منصوبے کا مقصد رہائشیوں کو جامع تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میونسپلٹی نے موسم سرما کی آمد اور معیار زندگی پروگرام کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے تین مصروف علاقوں میں حدائق منورہ ’منورگارڈنز‘ منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق منصوبے کے تحت جن علاقوں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں ’الاسکان، شوران اور حدیقہ الجبل شامل ہے۔

منصوبے کا مقصد مدینہ منورہ کے مختلف علاقوں میں رہنے والوں کو مثالی جامع تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنا ہے جہاں ثقافت اور تفریح کو یکجا کیا گیا ہے۔
مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جب کہ وزیٹرز کی سہولت کےلیے فاسٹ فوڈ اور ٹھنڈے و گرم مشروبات کے سٹالز بھی موجود ہیں۔

ان پارکوں میں بچوں کی تفریحی اور دیکھ بھال کا بھی خصوصی انتظام ہے تاکہ وہاں آنے والی فیملیز مکمل یکسوئی سے اپنا وقت گزارسکیں۔
پارکوں میں لائٹنگ کا بہترین سسٹم نصب ہے۔ فوٹو گرافی کے لیے بھی مخصوص مقامات بنائے گئے ہیں تاکہ وزیٹرز وہاں اپنے لمحوں کو یادگار بنا سکیں۔
