پاکستانی فوج وفاقی وصوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھے گی، فیلڈ مارشل
پاکستانی فوج وفاقی وصوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھے گی، فیلڈ مارشل
بدھ 26 نومبر 2025 10:02
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج وفاقی وصوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھے گی۔ دشمن کے مذموم عزائم متحد ہوکر ناکام بنائیں گے۔
بدھ کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ 27 کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ وفد کو علاقائی اور اندرونی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ’بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل مسابقت، سرحد پار دہشت گردی اور ہائبرڈ حربوں کے اثرات نمایاں ہیں۔ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی، معلوماتی جنگ سمیت پیچیدہ چیلنجز کے باوجود مسلح افواج قومی سلامتی کے لیے پُرعزم ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ انٹیلیجنس، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی قومی سلامتی کے لیے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پاکستان ایک اہم ملک ہے اور اپنی حیثیت کےمطابق دنیا میں مقام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ’معرکۂ حق میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جذبے اور عزم نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا۔ ہماری سب سے بڑی طاقت قومی یکجہتی ہے۔ ہم اپنے دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مربوط قومی کاوشیں اور ادارہ جاتی ہم آہنگی نہایت ضروری ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ’ہماری سب سے بڑی طاقت قومی یکجہتی ہے‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کو غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری قومی اقدامات اور سمگلنگ، منشیات کی سمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وفد نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ایک انٹریکٹو سیشن میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کا کہنا ہے کہ بہتر بارڈر کنٹرولز اور غیرقانونی غیرملکیوں کی واپسی کے حوالے سے تازہ پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا ایک اہم پروگرام ہے، یہ پروگرام پارلیمنٹیرینز،اعلیٰ سول و عسکری حکام اور تعلیمی وسماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کو یکجا کرتا ہے۔