ریاض ایئر شو کے آغاز پر 18 معاہدے، 250 ملین ریال کی سرمایہ کاری
ریاض میں الثمامة ایئرپورٹ پر سینڈ اینڈ فن جنرل ایوی ایشن ایئر شو 2025 کا آغاز سرمایہ کاری کے 18 معاہدوں کے ساتھ ہوا جن کی مجموعی مالیت 250 ملین ریال ہے۔
یہ شو جو 29 نومبر تک جاری رہے گا، کے پہلے دن اس میں سعودی ایوی ایشن کلب کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں ایف 15 ایس اے کی فضائی نمائش اور دیگر ثقافتی و فوجی مظاہرے بھی دکھائے گئے۔
سرمایہ کاری کے معاہدے ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دیں گے اور ہوابازی کی صنعتوں کی مدد کریں گے جس کا مقصد سعودی وژن 2030 کی حمایت ہے۔
شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ یہ معاہدے جنرل ایوی ایشن کے شعبے کو ترقی دینے اور اسے خطے کی اقتصادی ترقی میں مدد کریں گے۔
اس سال کے شو میں 90 سے زیادہ فضائی مظاہرے اور ہوابازی کے شعبے کے 150 سے زیادہ نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔ اس ایونٹ میں ’ہینگر ٹاکس‘ بھی شامل ہیں جن میں ماہرین پائیدار ہوابازی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر بات کرتے ہیں۔

انٹرایکٹیو زونز میں ’ٹرمنل ایکس‘ شامل ہے جہاں لوگ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طیارے اڑانے کی مشق کر سکتے ہیں اور الیکٹریکل طیاروں کی نمائش بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
اس ایونٹ میں نوجوانوں کی شمولیت پر خاص زور دیا گیا ہے۔ سعودی نوجوانوں نے 70 ہزار سے زیادہ گھنٹے کام کیا جو ہوابازی کے شعبے میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔
ایونٹ میں فضائی مظاہرے، دلچسپ سرگرمیاں اور تعلیمی پروگرام شامل ہیں اور منتظمین توقع کر رہے ہیں کہ ایونٹ میں دو لاکھ سے زیادہ لوگ شرکت کریں گے۔

یہ ایئر شو سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے تاکہ مملکت کو خطے کی ہوابازی کا مینوفیکچرنگ مرکز بنایا جا سکے، قومی معیشت کو متنوع بنایا جائے اور اس شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
یہ ایونٹ کمپنیوں کے لیے بھی موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی نئی ٹیکنالوجیز دکھائیں اور سعودی عرب کی تیزی سے بڑھتی ہوابازی کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔