پرتھ کی ’تباہ کن‘ پچ کو آئی سی سی نے حیران کن طور پر ’بہت اچھا‘ قرار دے دیا
جمعرات 27 نومبر 2025 9:10
یہ ٹیسٹ میچ 1888 کے بعد سب سے مختصر ایشز ٹیسٹ تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایشز ٹیسٹ سیریز میں پرتھ کے مقام پر کھیلے گئے ٹیسٹ کی پچ کو آئی سی سی نے اپنی اعلیٰ درجہ بندی میں شامل کرتے ہوئے ’بہت اچھی‘ کا درجہ دیا ہے۔
میچ ریفری رنجن مدوگالے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس پچ نے پہلے دن 19 وکٹیں اور دوسرے دن کے اختتام تک نتیجہ فراہم کیا، جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 83 گیندوں پر 123 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر میچ کے انداز کو مزید جارحانہ بنا دیا۔
آئی سی سی کے چار درجوں پر مشتمل نظام کے مطابق ’بہت اچھی‘ درجہ بندی ایسی وکٹ کو دی جاتی ہے جس میں اچھا باؤنس، مناسب کیری، محدود سیم موومنٹ اور بیٹنگ و بولنگ کے درمیان متوازن مقابلے کی صلاحیت موجود ہو۔
صرف دو روز میں 847 ڈلیوریز پر مکمل ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ آسٹریلیا میں دوسرا مختصر ترین ٹیسٹ جبکہ 1888 کے بعد سب سے مختصر ایشز ٹیسٹ تھا۔
ابتدائی تین اننگز میں فاسٹ بولنگ کا غلبہ نمایاں رہا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 58 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے دن چائے کے وقفے سے قبل 160 پر پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی اور پھر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی تھی۔
جواب میں مہمان ٹیم کے بولرز نے آسٹریلیا کو 123 پر نو وکٹوں تک پہنچا دیا، جہاں بین سٹوکس نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے دن انگلینڈ نے 105 رنز کی برتری نو وکٹوں کے نقصان کے بغیر حاصل کر لی تھی، تاہم سکاٹ بولینڈ نے مڈل آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے محض 29 اوورز میں فتح حاصل کر لی، جہاں ٹریوس ہیڈ سے زخمی کھلاڑی عثمان خواجہ کی جگہ اوپننگ کروائی گئی تھی۔
آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کے مطابق پچ دوسرے دن کے اختتامی سیشن میں اپنے بہترین مرحلے میں داخل ہو چکی تھی، جیسا کہ گزشتہ سال انڈیا کے خلاف ٹیسٹ میں ہوا تھا۔
پرتھ ٹیسٹ کی قبل از وقت تکمیل کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کو اندازاً 30 سے 40 لاکھ آسٹریلوی ڈالر کا نقصان ہوا، تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیف آف کرکٹ جیمز السوپ نے ’بہت اچھی‘ درجہ بندی کو اپنے مؤقف کے حق میں قرار دیا کہ پچ نے بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان منصفانہ مقابلہ فراہم کیا۔
اب نگاہیں بریسبین کے گبا اسٹیڈیم کی پچ پر مرکوز ہیں جہاں جمعرات سے ڈے نائٹ ٹیسٹ شروع ہوگا۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے کیوریٹر ڈیو سینڈرسکی نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ وکٹ پانچ دن تک متوازن رہے گی۔