Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب 111 ممالک کو اعلی معیار کی کھجوریں برآمد کر رہا ہے‘

مملکت میں کھجور کی سالانہ قومی پیداوار1.9 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرماحولیات، پانی وزراعت اور بین الاقوامی کھجور کونسل کے چیئرمین انجینئرعبدالرحمن الفضلی نے کہا ہے کہ ’کھجور کی برآمد کے حوالے سے مملکت عالمی سطح پر پہلے نمبر پرہے، گزشتہ برس 1.7 ارب ریال سے زیادہ کی ایکسپورٹ ریکارڈ کی گئی۔‘
اخبار 24 کے مطابق ریاض میں انٹرنیشنل ڈیٹ کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’کھجوروں کی پیداوار میں اضافے کے پروگرام کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہونے سے مملکت میں کھجور کی سالانہ قومی پیداوار1.9 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’سعودی عرب اس وقت دنیا کہ 111 ممالک میں بہترین معیار کی کھجوریں ایکسپورٹ کررہا ہے۔‘
انہوں نے اس شعبے میں جینیاتی وسائل کو بہتر بنانے اور پیداوار میں اضافے کے ساتھ مارکیٹنگ کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔
وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا ’ کھجور کی صنعت کو مزید بہتر بنانے کے لیے مربوط اور جامع پروگرام کے تحت جدید ٹیکنالوجی کی لوکلائزیشن کی بنیاد پر پیداواری عمل اور معیار کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔‘
یاد رہے کہ مملکت میں کھجور کی 300 سے زیادہ اقسام پیدا ہوتی ہیں۔ ان میں سب سے مشہورسکری، الخلاص، عجوہ، الصقعی اور الصفری ہیں۔
کھجور کے درختوں کی تعداد مملکت کے تمام خطوں میں 34 ملین سے زیادہ ہے۔

 

شیئر: