Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلائی جناح کی کراچی اور جدہ کے درمیان ’نان سٹاپ پروازیں‘ 10 دسمبر سے شروع

پاکستان کی نجی ایئرلائن فلائی جناح نے کراچی اور جدہ کے درمیان نئی نان سٹاپ پروازوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان براہِ راست سفری سہولیات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق یہ نئی سروس رواں سال 10 دسمبر سے شروع ہوگی جس کے تحت روزانہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان نان سٹاپ پروازیں چلائی جائیں گی۔
فلائی جناح کی جانب سے اُردو نیوز کو فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق 10 دسمبر 2025 سے کراچی اور جدہ کے درمیان فلائی جناح کی نان سٹاپ پروازوں کا نیا شیڈول نافذ ہوگا۔
شیڈول کے مطابق معمول کے ہفتہ وار نظام کے تحت پیر، منگل، بدھ، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو کراچی سے روانہ ہو کر جدہ پہنچنے والی روزانہ پروازیں چلیں گی جبکہ واپسی کی پروازیں بھی انہی دنوں میں جدہ سے روانہ ہو کر کراچی پہنچیں گی۔
سنیچر کو کراچی سے روانہ ہونے والی پرواز کا روانگی وقت بھی معمول سے مختلف ہوگا اور اتوار کی علی الصبح جدہ سے واپسی کی پرواز شیڈول کے مطابق کراچی پہنچے گی۔
یہ نیا شیڈول دونوں شہروں کے درمیان باقاعدہ، بلا تعطل اور وقت کی پابندی کے ساتھ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں گزشتہ چند برسوں کے دوران ٹریول اور ٹورازم میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف سفری طلب بڑھی ہے بلکہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی ایئرلائنز نے سعودی عرب میں اپنے فلائیٹ آپریشنز میں اضافہ بھی کیا ہے۔
ایوی ایشن امور کے ماہر سینیئر صحافی راجہ کامران کے مطابق سعودی عرب کا بڑھتا ہوا معاشی منظرنامہ، مذہبی زائرین کی مسلسل آمد اور ٹورازم پالیسیوں میں وسعت اس خطّے کو ایوی ایشن کے لیے انتہائی اہم بنا رہے ہیں۔
’یہی وجہ ہے کہ فلائی جناح سمیت کئی ایئرلائنز یہاں اپنی موجودگی مزید مضبوط کر رہی ہیں۔‘
فلائی جناح کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نئی کراچی جدہ سروس ایئرلائن کے بین الاقوامی نیٹ ورک کی توسیع کے عزم کی عکاسی کرتی ہے اور اس سے مسافروں کو زیادہ سہولت اور بہتر سفری انتخاب میسر ہوگا۔
اس وقت فلائی جناح جدہ اور لاہور کے درمیان بھی نان اسٹاپ سروس چلا رہی ہے جبکہ لاہور اور اسلام آباد سے ریاض اور دمام کے لیے پروازیں جاری ہیں۔
 ایئرلائن کا جدید ایئربس اے 320 طیاروں پر مشتمل بیڑا مسافروں کو کشادہ نشستوں، سٹریمنگ سروس سکائی ٹائم معیاری اسکائی کیفے مینو اور ایئر ریوارڈز لائلٹی پروگرام کے ذریعے بہتر اور آرام دہ فضائی سفر فراہم کرتا ہے۔
کراچی جدہ سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان سفری روابط مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔

 

شیئر: