Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان: ٹوکیو ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں 70 فیصد ٹوائلٹس بند، مسافر پریشان

جاپان ایئرپورٹ ٹرمینل کے ترجمان نے بتایا کہ مسئلہ ان پمپوں میں برقی خرابی کے باعث پیدا ہوا جو ٹوائلٹس کو پانی فراہم کرتے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک پر مسافروں کو جمعے کے روز اپنی پروازوں کے لیے انتظار کے دوران اس وقت سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جب ٹوکیو ہنیڈا کے ٹرمینل 2 میں 70 فیصد تک ٹوائلٹ خراب ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایئرپورٹ آپریٹر کے ایک ترجمان پلمبنگ کے مسئلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دوپہر تک 144 میں سے 51 ٹوائلٹ علاقے اب بھی متاثر تھے۔
جاپان ایئرپورٹ ٹرمینل کے ترجمان نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ مسئلہ ان پمپوں میں برقی خرابی کے باعث پیدا ہوا جو ٹوائلٹس کو پانی فراہم کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا، ’ہمیں صبح تقریباً 5 بجے (جمعرات 2000 جی ایم ٹی) عملے نے مطلع کیا۔ اس مسئلے کو حل کرنے میں 11 گھنٹے لگے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ہاتھ دھونے کے لیے نلکوں میں پانی دستیاب تھا، لیکن بہت سے ٹوائلٹس میں پانی نہیں تھا۔‘
’ہمارے عملے نے مسافروں کو چلنے والے ٹوائلٹس کی طرف رہنمائی کی۔ بعض صورتوں میں عملے نے استعمال کے بعد ٹوائلٹس کو بالٹی سے پانی ڈال کر صاف کیا۔‘
مسافروں نے سوشل میڈیا پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے ایکس پر لکھا، ’میں خوش ہوں کہ میں ہنیڈا بخیریت پہنچ گیا... لیکن میں ٹوائلٹ استعمال نہیں کر سکتا۔ یہ ایمرجنسی ہے۔‘
ایک اور نے کہا کہ ’ٹرمینل ٹو میں زیادہ تر ٹوائلٹس خراب ہیں... میرے جیسے حساس معدے والے شخص کے لیے یہ بہت مشکل ہے۔‘
تیسرے شخص نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے ٹرین سٹیشن پر ٹوائلٹ کے لیے لمبی قطاریں تھیں، اور اسے’ہنیڈا ٹرمینل 2 میں مکمل افراتفری‘ قرار دیا۔

 

شیئر: