Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنشن ہتھیانے کے لیے ’مردہ ماں کا روپ دھارنے والا‘ اطالوی شخص کیسے پکڑا گیا؟

ایک اطالوی شخص سے مبینہ طور پر اپنی مردہ ماں کا بھیس بدل کر ان کی پنشن ہتھیانے کی کوشش پر بینیفٹ فراڈ (فوائد کے حصول میں دھوکہ دہی) اور لاش چھپانے کے الزام میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
دی گارڈیئن کی رپورٹ کے مطابق پنشن کے حصول کے لیے اس شخص نے وِگ سے اپنی ماں کے بالوں کا انداز اپنایا، ویسا ہی میک اپ کیا اور پرانے سٹائل کے زیورات بھی استعمال کیے۔
منتووا کے شمالی اطالوی شہر کے نواحی علاقے بورگو ورجیلیو سے تعلق رکھنے والے اس شخص نے سنہ 2022 میں اپنی ماں کی موت کے بعد مبینہ طور پر پنشن کی مد میں ہزاروں یورو حاصل کیے۔
اس نے اپنی ماں کی موت کی اطلاع دینے کے بجائے مبینہ طور پر ان کی لاش اپنے گھر میں چھپا دی تھی۔
اس بات کا انکشاف رواں ماہ کے اوائل میں اس وقت ہوا جب 56 سالہ شخص مبینہ طور پر اپنی ماں کا بھیس بدل کر اس کے شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے مقامی کونسل آفس پہنچا۔
کونسل آفس کے عملے کو اسے دیکھ کر کچھ شک گزرا تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دے دی۔
حکام نے متوفی خاتون کی سرکاری تصویر کا اس کے بیٹے کے ساتھ موازنہ کیا۔ تفتیش کاروں نے بتایا کہ اس کے بعد پولیس نے اس شخص کے گھر کا معائنہ کیا اور لانڈری روم میں چھپائی گئی اس کی ماں کی لاش برآمد کی۔
بورگو ورجیلیو کے میئر فرانسسکو اپورتی نے اخبار ’کوریئر ڈیلا سیرا‘ کو بتایا کہ وہ شخص ’ایک بوڑھی عورت‘ کا لباس پہن کر کونسل آفس میں ڈگمگاتے ہوئے داخل ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ’اس نے لپ سٹک، نیل پالش، زیورات اور پرانے فیشن کے جھمکے پہن رکھے تھے اور اس کے گہرے بھورے باب کٹ بال تھے۔ اور اس شخص نے عورت کی آواز کی نقل کرنے کی کوشش کی لیکن کبھی کبھار کچھ مردانہ لہجے نکل ہی جاتے تھے۔‘
میئر نے مزید کہا کہ قریب سے معائنے پر کونسل کے عملے کے رکن نے محسوس کیا کہ اس شخص کی گردن ’کچھ زیادہ موٹی تھی اور جھُریاں بھی عجیب تھیں‘ اور ’اس کے ہاتھوں کی جلد 85 سالہ خاتون کی نہیں لگ رہی تھی۔‘
اطالوی اخبار کوریئر کی رپورٹ کے مطابق یہ شخص ایک بے روزگار نرس تھا جس کی سالانہ آمدن اپنی ماں کی پنشن اور تین جائیدادوں کی بدولت 53 ہزار یورو تھی۔
اٹلی میں یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی مردہ پنشنر کی لاش کو ان کی اولاد نے ان کے فوائد حاصل کرنے کے لیے چھپایا ہو۔
سنہ 2023 میں انکشاف ہوا تھا کہ ویرونا میں ایک شخص نے اپنی ماں کی مردہ لاش کو پانچ سال تک گھر میں رکھا اور وہ اس کی پنشن وصول کرتا رہا۔

شیئر: