Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینکنگ کمیٹی کا انتباہ، ’وائٹ فرائیڈے‘ کی فرضی کارروائیوں سے ہوشیار رہیں

جعل سازی سے محفوظ رہنے کے لیے مصدقہ ویب سائٹ سے خریداری کریں۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی بینکوں کی میڈیا آگاہی کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ ’وائٹ فرائیڈے‘ سیزن میں دھوکہ دہی کی کارروائیوں سے ہوشیار رہا جائے۔ آفرز کے بارے میں سرکاری ذرائع سے تصدیق کی جاسکتی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق بینکنگ آگاہی کمیٹی نے اپنے ایکس اکاونٹ پر اس حوالے سے آن لائن صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکہ باز فرضی سکیموں کے ذریعے سادہ لوح افراد کو پھانسے کی کوشش کرتے ہیں جن سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ڈیجیٹل مارکیٹنگ سائٹ کے لنک پر جانے سے قبل متعلقہ ادارے کی جانب سے اس کے اصل ہونے کی تصدیق کی جاسکتی ہے ۔
کمیٹی نے مزید ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایسے لنک پر کلک نہ کریں جو غیرمصدقہ ہوں اور مطلوبہ ادارے سے لائسنس یافتہ نہ ہوں۔ اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ کسی بھی ایسے فرضی شپنگ پیغام یا ای میل کا جواب نہ دیا جائے جوغیرمتعلقہ ہو اور جس میں کسی قسم کی فیس ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہو۔
واضح رہے وزارتِ تجارت کی جانب سے بھی اس بارے میں لوگوں کو خبردار کیا جاتا رہا ہے تاکہ کسی بھی جعل سازی کا شکار نہ ہوں۔ غیرمصدقہ و فرضی مارکیٹنگ سے محفوظ رہنے کے لیے مصدقہ ویب سائٹ سے ہی خریداری کریں۔ 
 

 

شیئر: