Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فضائی کمپنیوں نے A320 طیاروں کا جائزہ شروع کردیا، پروازوں میں تاخیر کا امکان

’بعض پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے، فضائی کمپنی سے رابطے میں رہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی فضائی کمپنیوں سعودی ایئرلائن، فلائی ناس اور فلائی ادیل نے اپنی A320 طرز کی متعدد طیاروں پر فوری تکنیکی اور پروگرامنگ جائزہ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ اقدامات جہاز ساز کمپنی ایئربس کی جانب سے دنیا بھر میں اس ماڈل کے طیاروں کے لئے جاری کی گئی ہدایات کی بنیاد پر کئے جا رہے ہیں جن سے آئندہ دنوں میں بعض پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کا امکان ہے۔
باخبر ذرائع نے کہا ہے کہ ’سعودی ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ وہ طیارہ ساز کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ ترین اپ ڈیٹس کی نگرانی کر رہی ہے اور ان کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لے رہی ہے‘۔
بتایا گیا ہے کہ ’اگر شیڈول میں کوئی تبدیلی کرنا ضروری ہوا تو متاثرہ مسافروں سے براہِ راست رابطہ کیا جائے گا تاکہ انہیں بروقت اطلاع مل سکے‘۔
سعودی ایئرلائن نے کہا ہے کہ ’مسافروں اور عملے کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے‘۔
ادھر فلائی ناس نے بتایا ہے کہ اس نے اپنے A320 بیڑے کے کچھ حصے میں پروگرامنگ اور تکنیکی ری کیلیبریشن کا عمل شروع کر دیا ہے جس کے باعث تیاری کے وقت میں اضافہ اور بعض پروازوں میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے۔
ایئرلائن نے کہا ہے کہ وہ متاثرہ مسافروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے مطلع کرے گی اور پروازوں کی حالت ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔
فلائی ناس نے معذرت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام اقدامات اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کے تحت کئے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا فلائی ادیل نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے مطلوبہ احتیاطی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ تکنیکی معیارات کو مقررہ سطح پر یقینی بنایا جا سکے۔
ایئرلائن کو توقع ہے کہ اس کا پرواز شیڈول اتوار، 30 نومبر 2025 تک معمول پر آ جائے گا۔
ساتھ ہی اس نے بعض پروازوں میں تاخیر یا تبدیلی کے امکان کی نشاندہی کی اور یقین دلایا کہ وہ مسافروں سے براہِ راست رابطے میں رہے گی اور انہیں دوبارہ بکنگ کے لچکدار آپشنز 24 گھنٹے فراہم کئے جائیں گے۔
ایئرلائنز نے تمام مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی آفیشل ویب سائٹس اور کسٹمر سروس چینلز کے ذریعے تازہ ترین معلومات سے آگاہ رہیں۔
 

شیئر: