دوحہ جمپنگ مقابلے میں سعودی گھڑسواروں کی شاندار کارکردگی
’مقابلے میں 11 ممالک کے 120 سے زائد مرد و خواتین گھڑ سواروں نے شرکت کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
قطری دار الحکومت دوحہ میں منعقدہ فیڈریشن ایکویسٹرین انٹرنیشنل (گروپ 7) کے فائنل میں سعودی گھڑ سواروں کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مقابلے میں 11 ممالک کے 120 سے زائد مرد و خواتین گھڑ سواروں نے شرکت کی ہے۔
سعودی کم عمر ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم ایونٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے اور اس کی نمائندگی سعود آل ہادی، عبداللہ غزاوی، الجوهرہ المطيری اور فواز الحكير نے کی ہے۔

نو عمر کیٹیگری میں سعودی ٹیم نے ٹیم مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے جس کی نمائندگی حسن آل ہادی، مہند دخیل اللہ، عبدالعزیز قحل اور راشد البریہ نے کی ہے۔
نوجوانوں کی ٹیم نے بھی اپنی مہم کا اختتام شاندار انداز میں کیا اور ٹیم ایونٹ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا ہے جس کی نمائندگی عبدالرحمن الغامدی، عبدالعزيز العيد، الفيصل القاروت اور عبدالرحمن قحل نے کی ہے۔

یہ نمایاں نتائج اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ سعودی عرب کی نئی عمر کی کیٹیگریز گھڑ سواری کے کھیل میں روشن مستقبل کی حامل باصلاحیت نسل رکھتی ہیں جسے قیادت کی طرف سے ملنے والی بھرپور سرپرستی نے مزید مضبوط کیا ہے۔
چیمپئن شپ کا اختتام آج ہفتے کو تمام کیٹیگریز کے انفرادی فائنل مقابلوں کے ساتھ ہوگا۔