ریاض ایئر شو 2025 ’سینڈ اینڈ فن‘ میں آتشبازی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم
ریاض میں جنرل ایوی ایشن ایئر شو 2025 ’سینڈ اینڈ فن‘ نے پبلک اور لاجسٹکس دونوں لیول پر بے مثال کامیابی حاصل کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نمائش کے دوران ایک دن میں 62 ہزار371 وزیٹرز کی تعداد ریکارڈ کی گئی جبکہ 22 ہزار 760 گاڑیاں ریزو میں داخل ہوئیں۔
سعودی ایوی ایشن کلب نے ایک نیا سنگ میل عبور کیا۔ موڈیفائیڈ ہیلی کاپٹر کے ذریعے سب سے زیادہ آتشبازی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ہیلی کاپٹر، کسٹم، انجینیئرڈ پائرو تیکنیک پلیٹ فارم سے لیس تھا، جس سے دوران پرواز آتشبازی کی جاتی رہی۔

ایئر شو نے ایوی ایشن کی جدید ٹیکنالوجیز کو آرٹسٹک ڈسپلے کے ساتھ ملا کر ایک دلکش ویژوئل منظر پیش کیا۔
سعودی ایوی ایشن کلب کے بانی اور چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان نے کہا یہ کامیابی ایوی ایشن کے شعبے میں قیادت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ہم سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت ریاض کے قلب سے نئے بین الاقوامی معیارات قائم کر ہے ہیں۔
ایئر شو جو سنیچر کو اختتام پذیر ہوا، دو لاکھ سے زیادہ وزیٹرز کو اپنی جانب متوجہ کیا اور 90 سے زیادہ ایریل ڈسپلے پیش کیے گئے۔

یاد رہے کہ سینڈ اینڈ فن جنرل ایوی ایشن ایئر شو 2025 کا آغاز سرمایہ کاری کے 18 معاہدوں کے ساتھ ہوا جن کی مجموعی مالیت 250 ملین ریال ہے۔
سرمایہ کاری کے معاہدے ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دیں گے اور ہوابازی کی صنعتوں کی مدد کریں گے جس کا مقصد سعودی وژن 2030 کی حمایت ہے۔
شو میں 90 سے زیادہ فضائی مظاہرے اور ہوابازی کے شعبے کے 150 سے زیادہ نمائش کنندگان نے حصہ لیا۔
اس ایونٹ میں نوجوانوں کی شمولیت پر خاص زور دیا گیا۔ سعودی نوجوانوں نے 70 ہزار سے زیادہ گھنٹے کام کیا جو ہوابازی کے شعبے میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتے ہیں۔

یہ ایئر شو سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے تاکہ مملکت کو خطے کی ہوابازی کا مینوفیکچرنگ مرکز بنایا جا سکے، قومی معیشت کو متنوع بنایا جائے اور اس شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
یہ ایونٹ کمپنیوں کے لیے بھی موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی نئی ٹیکنالوجیز دکھائیں اور سعودی عرب کی تیزی سے بڑھتی ہوابازی کی صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔
