سعودی عرب میں جنرل ایوی ایشن ایئر شو، ’جدت، ثقافت اور ایڈوینچر ساتھ ساتھ‘
سعودی عرب میں پہلا جنرل ایوی ایشن ایئر شو 25 نومبر سے ریاض میں شروع ہو گیا ہے جو 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گا۔
اس ایونٹ میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کی دلچسپی کے پروگرام ہوں گے۔ ’سینڈ اینڈ فن شو‘ ایک غیرمعمولی ایونٹ ہے جو جدت، ثقافت اور ایڈوینچر کو یکجا کرتا ہے۔
سعودی ایوی ایشن کلب کے جنرل سپروائزر احمد الفھید نے بتایا کہ ’پروگرام میں نوجوانوں کی دلچسپی کے لیے بہت کچھ ہوگا جس میں تفریح اور معلومات کو یکجا کیا گیا ہے۔‘
یہ ایونٹ سعودی ایوی ایشن کلب کے قیام کے 25 برس مکمل ہونے پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کے فیصلے کی منظوری کے بعد سال 2000 میں کلب قائم کیا گیا تھا۔
احمد الفھید نے کہا کہ ’کلب کے قیام کے اول روز سے آج تک حکومت کی جانب سے مکمل سپورٹ حاصل رہی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اپریل 2006 میں کلب کا دورہ کیا تھا، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ہمیشہ کلب سے بھرپور تعاون کیا۔‘

گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بدر بن عبدالعزیز کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر موقع پر بھرپور تعاون کیا جو پروگرام کی سرپرستی بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ ایوی ایشن کا ایک بہت بڑا ایونٹ ہے جسے حکومتی تعاون حاصل ہے۔ ہم پروفیشنل اور شوقیہ افراد کے لیے ایک پرکشش ماحول فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
