Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کا ممکنہ احتجاج، اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 کا نفاذ

تحریک انصاف نے منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ اور اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
پیر کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن  کے مطابق دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے احتجاج یا جلسے جلوس کی ہرگز اجازت نہیں، کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کے انعقاد پر قانون فی الفور حرکت میں آئے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کا حصہ مت بنیں۔
ڈپٹی کمشنر پنڈی حسن وقارچیمہ نے ضلع راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی۔ ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ یکم سے 3 دسمبرتک ہوگا اورراولپنڈی میں ہرقسم کے اجتماع، ریلی اور جلسے جلوس پرپابندی عائد رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کوہائی الرٹ کردیا گیا اورپولیس سمیت تمام ادارے باہمی تعاون سے امن وامان یقینی بنائیں گے، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گذشتہ روز کہا تھا کہ منگل کو تمام ارکان اسمبلی اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج کریں گے جس کے بعد اڈیالہ جیل کے سامنے احتجاج ہوگا۔
اتوار کو پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’منگل کو تمام ارکان اسمبلی، ایم این ایز، ایم پی ایز اور سینیٹرز پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے احتجاج کریں گے تاکہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے کیسز کو جلد از جلس سنا جائے جنہیں ناحق قید کیا گیا ہے۔‘
’اس کے بعد عمراں خان کی بہنوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تمام پارلیمیڑیرینز اڈیالہ جیل کے سامنے جائیں گے۔‘

 

شیئر: