سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد 116 ملین، یورپی ممالک سے آمد بڑھنے لگی
سعودی وزیر کا کہنا ہے سیاحوں کا ہدف 150 ملین مقرر کیا گیا ہے (فوٹو: سکرین گریب(
سعودی نائب وزیر سیاحت شہزادی ھیفا بنت محمد بن سعود کا کہنا ہے’ سیاحتی شعبے میں رواں برس 2025 کے دوران تیز رفتار ترقی ریکارڈ کی گئی۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وہ بجٹ 2026 کے حوالے سے فورم میں ’حکومتی اخراجات کے اہداف کے مطابق متوقع شعبے‘ کے عنوان سے مذاکراتی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔
انہوں نے کہا ’سیاحت قومی معیشت کو متنوع بنانے میں امید افزا شعبوں میں سے ایک ہے، رواں برس اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 116 ملین سے تجاوز کرگئی جبکہ آنے والے وقت یہ ہدف 150 ملین مقرر کیا گیا ہے۔‘
نائب وزیر سیاحت کا کہنا تھا’ یورپی سیاحوں کے تناسب میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 14 فیصد جبکہ مشرق ایشیا اور بحرالکاہل سے آنے والے سیاحوں کی شرح 15 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔‘
علاوہ ازیں مقامی سیاح اس شعبے کی پائیدار ترقی کی حمایت میں ایک اہم ستون کی نمائندگی کرتے ہیں۔
سیاحتی اخراجات کے حوالے سے انہوں نے بتایا’ سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے آخر تک مقامی سیاحت سے ہونے والی آمدنی 105 ارب ریال سے زائد جبکہ شرح نمو 18 فیصد رہی۔‘
علاوہ ازیں نجی رہائشی یونٹس میں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں 1250 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 31 ہزار ریسٹ ہاوسز اور سمر ہومز کے لائسنس جاری کیے گئے۔
شہزادی ھیفا نے مزید بتایا’ وزارت سیاحت اور نجی شعبے کے اشتراک سے 5700 سے زیادہ سیاحتی لائسنس جاری کیے گئے ،جس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے پرکشش اثرات واضح ہوتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا’ سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کا حجم 218 ارب ریال سے تجاوز کر گیا۔ آئندہ تین برسوں میں ہوٹلوں کے کمروں میں 3 لاکھ 20 ہزار اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔‘
