آپریشنل بحران سے دوچار انڈین ایئر لائن انڈیگو کے شیئرز گر گئے
آپریشنل بحران سے دوچار انڈین ایئر لائن انڈیگو کے شیئرز گر گئے
پیر 8 دسمبر 2025 9:09
پروازوں میں خلل کے باعث انڈیا کی انڈیگو ایئرلائن کے شیئرز 4.8 فیصد گر گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران فضائی سفر کے بدترین بحران کا سبب بننے والی انڈیگو ایئر کو انڈین سٹاک مارکیٹ میں پیر کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انڈیگو مارکیٹ شیئر کے لحاظ سے انڈیا کی سب سے بڑی ایئر لائن ہے۔ کمپنی پائلٹس کی کمی کی وجہ سے بدترین آپریشنل بحران سے دوچار ہے۔
عملے کے اوقات کار کے نئے قوانین کے نفاذ کے لیے ناکافی منصوبہ بندی کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ہزاروں پروازوں کی منسوخی کی گئی جس سے ہوائی اڈوں پر مسافر پھنس گئے اور حکومت کو مداخلت پر مجبور ہونا پڑا۔
اتوار کو انڈیا میں سول ایوی ایشن کے نگران محکمے نے کمپنی شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹے کا وقت دیا کہ بتائے کیوں نہ اس کے خلاف ریگولیٹری کارروائی کی جائے۔
دریں اثنا انڈیگو کی حریف کمپنی سپائس جیٹ کے حصص میں 13.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ ہفتے انڈیگو کے حصص میں 9 فیصد کی کمی ہوئی تھی جو جون 2022 کے بعد سے ایک ہفتے میں سب سے بڑی گراوٹ ہے۔
اُس وقت کورونا کی وبا کے باعث فضائی سفر میں رکاوٹوں نے کاروبار کو متاثر کیا تھا۔
انڈیگو کے مطابق ائیرلائن 1650 سے زائد پروازیں آپریٹ کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ ہفتے انڈیگو نے حالیہ آپریشنل بحران کے بعد مسافروں کو چھ ارب 10 کروڑ انڈین روپے کے ریفنڈز جاری کیے ہیں جبکہ پروازوں کے وقت کی پابندی میں بھی واضح بہتری سامنے آئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ائیرلائن نے بتایا ہے کہ ’اتوار کو 75 فیصد پروازیں وقت پر روانہ ہوئیں جو سینچر کو صرف 30 فیصد تھیں۔‘
انڈیگو کے مطابق ائیرلائن 1650 سے زائد پروازیں آپریٹ کرنے کی راہ پر گامزن ہے جو سنیچر کو 1500 تھیں۔ ائیرلائن کے 138 میں سے 137 روٹس مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں۔