انڈیا میں انڈیگو کے بحران کے باعث سینکڑوں مسافر پانچویں دن بھی پھنسے رہے
انڈیا میں انڈیگو کے بحران کے باعث سینکڑوں مسافر پانچویں دن بھی پھنسے رہے
ہفتہ 6 دسمبر 2025 19:31
انڈیا نے فضائی کرایوں پر حد مقرر کر دی ہے کیونکہ انڈیگو میں جاری بحران کے پانچویں دن 385 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کے بعد سینکڑوں مسافر بنگلورو اور ممبئی کے ہوائی اڈوں کے باہر جمع ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پائلٹوں کی کمی کے باعث انڈیگو نے رواں ہفتے ہزاروں پروازیں منسوخ کیں کیونکہ ایئرلائن نئے قوانین کے تحت پائلٹوں کے کام کے اوقات محدود کرنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی نہ کر سکی۔
حکومت نے جمعے کو ردِعمل دیتے ہوئے ایئرلائن کے لیے خصوصی ریلیف اور بیک لاگ ختم کرنے کے لیے اضافی ٹرینوں کے آپریشن کا اعلان کیا۔
دہلی ایئرپورٹ نے سنیچر کو ایکس پر پوسٹ کیا کہ پروازوں کا آپریشن بتدریج بحال ہو رہا ہے، لیکن دیگر جگہوں پر منسوخیاں بدستور جاری ہیں۔
انڈیگو کی مسلسل منسوخیوں کے باعث دیگر ایئرلائنز کے مصروف رُوٹس پر کرائے بڑھ گئے ہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ قیمتوں میں توازن قائم رکھنے کے لیے کرایوں پر حد مقرر کر رہی ہے۔
سول ایوی ایشن کی وزارت نے کہا کہ وہ ’کرایوں کی سطح کو حقیقی وقت کے ڈیٹا اور ایئرلائنز کے ساتھ فعال رابطے کے ذریعے قریب سے مانیٹر کرتی رہے گی۔‘
کرایوں پر آخری بار حد کورونا وائرس کی وبا کے دوران 2020 میں مقرر کی گئی تھی۔ انڈین حکومت نے کہا ہے کہ 500 کلومیٹر تک کے سفر کے لیے یک طرفہ کرایہ ۷ ہزار 500 انڈین روپے سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، جبکہ ایک ہزار سے 1500 کلومیٹر کے سفر کے لیے یہ حد 15 ہزار روپے ہونی چاہیے۔
پروازوں کی منسوخی انڈیگو کے لیے سب سے بڑا بحران ہیں جو 20 سال پرانی ایئرلائن ہے اور دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں 60 فیصد سے زیادہ مارکیٹ شیئر رکھتی ہے۔ انڈیگو نے اعتراف کیا کہ وہ یکم نومبر کی ڈیڈلائن کے لیے مناسب منصوبہ بندی کرنے میں ناکام رہی، جس کے تحت پائلٹوں کے رات کے وقت پرواز اور ہفتہ وار آرام کے سخت قوانین نافذ کیے گئے، حالانکہ اسے اس ہفتے ہی بحران کا سامنا ہوا جب دسمبر کے سفر کا عروج قریب تھا۔
یہ بحران انڈیا میں شادیوں کو متاثر کر رہا ہے کیونکہ کئی خاندان اور مہمان ہوائی اڈوں پر پھنس گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جمعے کو انڈیگو کی ایک ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں۔ حکومت کی جانب سے انڈیگو کے لیے قوانین میں نرمی کے اعلان کے بعد ایئرلائن نے کہا کہ وہ 10 سے 15 دسمبر کے درمیان معمول کے آپریشن پر واپس آسکتی ہے۔
سنیچر کو انڈیگو نے بنگلورو میں 124، ممبئی میں 109، نئی دہلی میں 86 اور حیدرآباد میں 66 پروازیں منسوخ کیں۔
یہ بحران انڈیا میں شادیوں کو متاثر کر رہا ہے کیونکہ کئی خاندان اور مہمان ہوائی اڈوں پر پھنس گئے ہیں۔ سنیچر کو سینکڑوں مسافر بنگلورو اور ممبئی کے ہوائی اڈوں کے باہر جمع ہوئے، کچھ کو منسوخیوں کا علم بھی نہیں تھا۔