Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹویوٹا فارچیونر 25 لاکھ سستی، پاکستان میں دیگر گاڑیوں کی قیمتوں میں کتنی کمی ہوئی؟

کچھ کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ مفت مینٹی نینس کی پیشکشیں بھی کی ہیں (فائل فوٹو: ایم جی کیپیٹل)
پاکستان میں کار ساز کمپنیوں نے دسمبر 2025 کے اختتام سے قبل خریداروں کے لیے قیمتوں میں کمی، مفت مینٹی نینس (دیکھ بھال) اور آسان ماہانہ قسطوں (ای ایم آئی سکیموں) کی شکل میں کئی پرکشش پیشکشیں متعارف کرائی ہیں۔
گاڑیوں کی خریدو فروخت کے پلیٹ فارم ’پاک ویلز‘ نے منگل کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ان آفرز کی تفصیل شیئر کی ہے۔
ٹویوٹا کی جانب قیمت میں بڑی کمی
ٹویوٹا انڈس موٹرز نے پاکستان میں اپنی 35 ویں سالگرہ کے موقعے پر اپنی مقبول آف روڈ ایس یو وی، ٹویوٹا فارچیونر کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی کا اعلان کیا ہے۔
یہ ملک میں کسی بھی بڑی کار کمپنی کی طرف سے حالیہ برسوں میں قیمتوں میں سب سے بڑی کمی ہے۔
فارچیونر جی (Fortuner G) کی قیمت میں 25 لاکھ روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
فارچیونر وی (Fortuner V) کی قیمت میں 25 لاکھ 70 ہزار روپے کی کمی کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

چانگن کی ایس یو ویز اور سیڈان پر ڈسکاؤنٹ
چانگن نے اپنے مشہور ماڈلز اوشان ایکس سیون (Oshan X7) اور الزوین (Alsvin) پر ریٹیل اور بینک پروموشنز کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق خریدار 31 دسمبر 2025 تک مجموعی طور پر پانچ لاکھ روپے تک کے فوائد (نقد ڈسکاؤنٹ اور دو سال کی مفت مینٹی نینس) حاصل کر سکتے ہیں۔
چانگن اوشان ایکس سیون (ریٹیل پروموشن):  اس ایس یو وی کی قیمت میں کمی کی گئی ہے اور اس کے فائیو سیٹ فیوچر سنس ویرینٹ کی پروموشنل قیمت 89 لاکھ 49 ہزار روپے ہے۔
چانگن الزوین بلیک سیریز (بینک پروموشن):  بینک کے ذریعے گاڑی خریدنے والوں کے لیے ایم ٹی کمفرٹ ویرینٹ پر دو لاکھ روپے کا ڈسکاؤنٹ دیا جا رہا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 39 لاکھ 89 ہزار روپے ہو جاتی ہے۔
اس میں دو برس کی پری پیڈ مینٹی نینس (دیکھ بھال) بھی شامل ہے۔

ایم جی (MG) کی جانب سے نئی ای ایم آئی سکیمز
ایم جی پاکستان نے اپنی ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے نئے آسان ماہانہ قسطوں کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی (MG HS PHEV): اس ماڈل کے لیے24 ماہ کا نیا منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے جس کی ماہانہ قسط دو لاکھ آٹھ 335 روپے ہے۔ جبکہ 18 ماہ کے پلان کے تحت قسط دو لاکھ 77 ہزار 780 روپے ماہانہ ہے۔ ڈاؤن پیمنٹ کی رقم 40 لاکھ 89 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ایم جی ایچ ایس ٹرافی (MG HS Trophy) :اس ماڈل کی 24 ماہ کی قسط ایک لاکھ 66 ہزار 670 روپے اور 18 ماہ کی قسط دو لاکھ 22 ہزار 225  روپے ہے۔

ہیونڈائی کے ہائبرڈ ماڈلز اور سوناٹا پر ای ایم آئی آفرز
ہیونڈائی نے گاڑیوں کی فنانسنگ کو آسان بنانے کے لیے خاص طور پر اپنے ہائبرڈ ماڈلز کے لیے خصوصی ای ایم آئی منصوبے پیش کیے ہیں۔
ہائبرڈ ایس یو ویز پر آفرز
سانتا فی ہائبرڈ (SANTA FE Hybrid) : ماہانہ قسطیں کم ہو کر صرف تین لاکھ 48 ہزار 427 روپے تک آ گئی ہیں۔
اپ گریڈڈ ٹکسن ہائبرڈ (TUCSON Hybrid) : اس کی قسطیں تین لاکھ 26 ہزار 667روپے ماہانہ سے شروع ہوتی ہیں۔
ایلینٹرا ہائبرڈ (ELANTRA Hybrid) : اس کی کم ترین ماہانہ قسط دو لاکھ 85 ہزار 972 روپے ہے۔

سوناٹا 2.5 (Sonata 2.5) کی قسطیں
سوناٹا 2.5 کے لیے 18 ماہ کا ای ایم آئی پلان متعارف کرایا گیا ہے جس میں 50 فیصد رقم اَپ فرنٹ ادا کرنا ہو گی اور باقی رقم تین لاکھ 31 ہزار 806 روپے کی ماہانہ قسطوں میں ادا کی جا سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس آفر کی میعاد 31 دسمبر 2025 تک ہے اور اس میں چار برس کی وارنٹی بھی شامل ہے۔

شیئر: