’چور لٹیرے پیچھے نہ پڑ جائیں‘، انڈیا میں مزدور لاٹری جیتنے پر خوش ہونے کے بجائے پریشان
’چور لٹیرے پیچھے نہ پڑ جائیں‘، انڈیا میں مزدور لاٹری جیتنے پر خوش ہونے کے بجائے پریشان
بدھ 10 دسمبر 2025 11:15
پولیس افسران سے رام سنگھ سے ملاقات کر کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
لاٹری نکلنے پر انسان خوش ہوتا ہے بھلے وہ چھوٹی ہی کیوں نہ ہو، مگر انڈیا میں ڈیڑھ کروڑ کی لاٹری لگنے کے بعد مزدور خوش ہونے بجائے پریشانی میں مبتلا ہو گیا اور علاقہ چھوڑنا پڑ گیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضلع فرید کوٹ کے رہائشی رام سنگھ اور اہلیہ نصیب کور کے دروازے پر نصیب نے اس وقت دستک دی جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کا ڈیڑھ کروڑ کا انعام نکل آیا ہے۔
نصیب کور اور ان کا شوہر دونوں ہی دیہاڑی دار مزدور ہیں اور انہوں نے چند روز قبل کچھ لاٹری ٹکٹس خریدے تھے جس میں ان کا ٹاپ پرائز نکلا۔
دلچسپ بات یہ بھی کہ دو روز تک ان کو پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ کروڑ پتی بن چکے ہیں کیونکہ انہوں نے انعام کی فہرست دیکھی ہی نہیں تھی۔
تاہم ٹکٹ بیچنے والے راجو کے پاس نمبرز کی فہرست موجود تھی اور انہیں معلوم تھا کہ یہ ٹکٹ رام سنگھ کے پاس ہے۔
انہوں نے بارہا فون کے ذریعے ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر اس وقت وہ راجستھان کے کسی دور افتادہ مقام پر تھے اور موبائل سگنلز کمزور تھے۔
بہرحال بالآخر رابطہ ہو گیا اور انہیں انعام کی خوش خبری سنائی اور یہ بات فوراً انہوں نے اہلیہ کو بتا دی، تھوڑی دیر بعد خیال آیا کہ اس بات کو خفیہ رکھنا ہے مگر وہ پھیل چکی تھی اور اڑوس پڑوس سے لوگ مبارک بادیں دینے آنے لگے۔
جس کے بعد ان کے ذہن میں خدشات آنے لگے کہ کہیں کوئی ان کو لوٹنے کا منصوبہ نہ بنا لے یا بھتے کی کالز نہ آنے لگیں۔
انہوں نے بیوی کو ساتھ لیا اور گھر کو تالہ لگا کر روپوش ہو گئے اور موبائل فون بھی بند کر دیے۔
نصیب کور کہتی ہیں کہ انہوں نے شوہر کو بڑا ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دیا تھا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
جس پر ارد گرد رہنے والوں میں تشویش پیدا ہوئی اور انہوں نے پولیس کو مطلع کر دیا۔
پولیس نے ان کا پتہ لگایا اور کچھ حکام جا کر ان سے ملے اور گھر واپس آنے کا کہتے ہوئے مکمل تحفظ کا یقین دلایا، جس کے بعد وہ گھر لوٹے۔
نصیب کور کا کہنا ہے کہ شوہر کافی عرصے سے ٹکٹس خرید رہے تھے اور میں نے مشورہ دیا تھا کہ اس بار بڑا ٹکٹ خریدے اور انہوں نے مالی مشکلات کے باوجود ایسا ہی کیا۔
جوڑے کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے اور بیٹا بھی مزدوری کرتا ہے۔
ڈی ایس پی ترلوچن سنگھ کا کہنا ہے کہ ’ہمیں معلوم ہوا کہ بڑی رقم جیتنے کے بعد غریب خاندان تشویش میں مبتلا تھا کہ کہیں چور لٹیرے ان کے پیچھے نہ پڑ جائیں، مگر آج ہم ان سے ملاقات کر کے یقین دلایا ہے کہ پولیس ہر لحاظ سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔‘