اختلافات یا مایوسی؟ علی امین گنڈاپور کی مسلسل غیرحاضری پارٹی کے لیے معمہ
اختلافات یا مایوسی؟ علی امین گنڈاپور کی مسلسل غیرحاضری پارٹی کے لیے معمہ
جمعہ 12 دسمبر 2025 7:14
علی امین گزشتہ اتوار کو بھی پشاور میں ہونے والے بڑے جلسے میں شرکت نہیں کی۔ فائل فوٹو: اے پی پی
خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کچھ عرصہ قبل تک سیاسی منظرنامے پر چھائے ہوئے تھے مگر اب منصب سے ہٹائے جانے کے بعد وہ منظرنامے سے مکمل طور پر غائب ہو چکے ہیں۔
سرکاری تقریبات کے ساتھ ساتھ وہ سیاسی سرگرمیوں میں بھی دکھائی نہیں دیتے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں پشاور میں تین بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں سے کسی ایک میں بھی علی امین گنڈا پور شریک نہیں ہوئے۔
پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی خراب صحت اور ان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اسلام آباد سمیت پشاور میں پی ٹی آئی رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ہوا مگر سابق وزیراعلیٰ ان اجلاسوں میں بھی نظر نہیں آئے۔
اسی طرح گزشتہ اتوار کو بھی پشاور میں ہونے والے بڑے جلسے میں شرکت نہیں کی۔ سابق وزیراعلیٰ گنڈا پور کی مسلسل غیرحاضری سے سوالات جنم لے رہے ہیں اور پارٹی قیادت کے علاوہ عام ورکرز بھی علی امین گنڈاپور کی پارٹی سرگرمیوں میں عدم شرکت کے باعث تشویش میں مبتلا ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کہاں ہیں؟
سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ علی امین گنڈاپور اس وقت نہ عمران خان کے لیے اہم ہے نہ ہی ورکرز کے لیے، جس کا ادراک خود سابق وزیراعلٰی کو بھی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ جنید اکبر اور اسد قیصر کا گروپ اس وقت پی ٹی آئی کے کئی معاملات سنبھال رہا ہے لہٰذا علی امین گنڈاپور کے متحرک ہونے کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان سے اختلافات کی وجہ سے پارٹی معاملات سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے جس کے باعث وہ عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل گئے اور نہ ہی جیل کے باہر کسی احتجاج یا دھرنے میں شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ کا عہدہ واپس لیے جانے کے بعد علی امین گنڈا پور نے پشاور کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی اور نہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے لیے گئے۔
علی امین گنڈا پور کے ترجمان فراز مغل کے مطابق سابق وزیراعلٰی حلقے میں مصروف ہیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی
حلقے کی مصروفیات
پی ٹی آئی کے رُکنِ صوبائی اسمبلی اور سابق مشیر صحت احتشام خان نے مؤقف اپنایا کہ ’پارٹی کے اندر ہر رہنما عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ سیاست کے علاوہ حلقے کی ذمہ داریاں بھی ہوتی ہیں جنہیں پورا کرنا نہایت ضروری ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’علی امین گنڈاپور کے پاس فی الوقت پارٹی کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے تو اس لیے وہ اپنے حلقے میں موجود ہیں۔‘
معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کا کہنا ہے کہ ’سابق وزیراعلیٰ پارٹی کے سینیئر ورکر ہیں۔ وہ تمام مشاورت میں شامل رہتے ہیں اور پارٹی کے اندر کوئی اختلافات نہیں ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کی تحریک کے لیے سب پارٹی قائدین اور ورکرز ایک پیج پر ہیں۔ پارٹی کی تمام توانائیاں عمران خان کی رہائی کے لیے صرف کی جا رہی ہیں اور ہر ورکر اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار ہے ۔‘
علی امین گنڈا پور کے ترجمان فراز مغل نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’سابق وزیراعلیٰ پارٹی اور حکومتی معاملات کی دوڑ میں حلقے کے لوگوں سے دور ہو گئے تھے تاہم اب ان کی ساری توجہ اپنے حلقے پر ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’علی امین گنڈا پور سارا دن سائلین کی درخواستیں وصول کرنے میں گزار دیتے ہیں۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’سابق وزیراعلیٰ نہ صرف کھلی کچہری میں عوامی مسائل سن رہے ہیں بلکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی خود کر رہے ہیں۔‘
سابق وزیراعلٰی پارٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’علی امین گنڈا پور نے پہلے بھی عمران خان کی آواز پر لبیک کہا ہے اور اب بھی جب انہیں کوئی ذمہ داری ملے گی تو وہ سب سے آگے ہوں گے۔‘
علی امین گنڈا پور اپنے مشاغل میں مصروف
سابق وزیراعلیٰ اپنی سیاسی مصروفیات سے وقت نکال کر اپنے مشاغل پورا کر رہے ہیں۔ وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے گھوڑوں کے فارم میں اکثر دکھائی دیتے ہیں جبکہ کبوتر اور پرندوں کے ساتھ بھی وقت گزار رہے ہیں۔ ان کی حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیو منظرعام پر آئی ہیں جن میں وہ کبوتروں کو دانہ ڈال رہے ہیں۔ ان کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ ان دنوں زیادہ وقت اپنے فارم پر گزارتے ہیں-