فلسطینی متاثرین کے مصائب میں کمی‘ سعودی عرب کا نیا امدادی قافلہ غزۃ پہنچ گیا
جمعرات 11 دسمبر 2025 22:12
قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس اور خیمے شامل ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے فلسطینی عوام کےلیے جاری انسانی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر جمعرات کو نیا امدادی قافلہ رفح بارڈر کراسنگ سے غزہ بھیجا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس قافلے میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس اور خیمے شامل ہیں۔
یہ امداد غزہ میں فلسطینی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کی جانے والی مہم کا حصہ ہے تاکہ غزہ میں فلسطینی عوام کے مصائب کو کم کیا جا سکے جو سرد موسم میں بچوں اور خواتین کےلیے خطرہ بننے والی انسانی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کا 75 واں طیارہ بھی العریشں پہنچ گیا۔ امدادی سامان جس میں فوڈ باسکٹس اور شیلٹر بیگ شامل ہیں غزہ میں متاثرہ فلسطینوں تک پہنچایا جائے گا۔
اس کا انتظام شاہ سلمان مرکز نے سعودی وزارت دفاع اور مصر میں سعودی سفارتخانے کے تعاون سے کیا ہے۔

یاد رہے سعودی امدادی ایجنسی نے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔ اب تک 75 طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعے7 ہزار ٹن سے زیادہ امداد کےعلاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسں فراہم کیں۔
سعودی امدادی ایجنسی نے غزہ کی پٹی میں امدادی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ 90.35 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
جبکہ سرحدی راہداریوں کی بندش کے باعث امداد کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کےلیے اردن کے تعاون سے ایئر ڈراپ امددی آپریشن بھی کیے۔
