بنوں میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں کا حملہ، پانچ اہلکار زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ہوید کی شیخ لنڈک پولیس چوکی پر شدت پسندوں نے رات گئے حملہ کیا۔ پولیس حکام کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران پولیس کے پانچ جوان معمولی زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب شدت پسندوں نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا، پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں شدت پسندوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں متعدد دہشتگردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او بنوں نے حملہ پسپا کرنے پر پولیس جوانوں اور عوام کی جرات اور بہادری کو سراہا اور کہا کہ ’بنوں کی پولیس اورعوام وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’فتنۂ الخوارج کے دہشتگرد پولیس کی جرات مندانہ کارروائیوں اور عوام کے غیر متزلزل تعاؤن کے باعث کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔‘
