آسڑیلیا کی بونڈائی بیچ پر فائرنگ میں مسلح شخص کو قابو کرنے والا راہگیر احمد ہیرو قرار
اتوار 14 دسمبر 2025 18:12
سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ایک یہودی مذہبی تقریب کے دوران ہونے والے حملے میں ایک راہگیر کو ویڈیو میں مسلح شخص کو قابو کرتے اور اس کا ہتھیار چھینتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس شخص کو ہیرو قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے اقدام نے ممکنہ طور پر کئی جانیں بچا لیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص سفید قمیض پہنے پارکنگ میں دوڑتا ہوا ایک دوسرے شخص کی طرف جاتا ہے جو سیاہ قمیض پہنے اور رائفل تھامے ہوئے ہے۔ وہ پیچھے سے حملہ کر کے مسلح شخص کو زمین پر گرا دیتا ہے اور اس سے رائفل چھین کر خود اس پر تان دیتا ہے۔
ویڈیو میں بعد میں دکھایا گیا ہے کہ سیاہ قمیض والا شخص پیچھے ہٹتا ہوا ایک پل کی طرف جاتا ہے جہاں دوسرا حملہ آور موجود تھا، جبکہ راہگیر بندوق زمین پر رکھ دیتا ہے۔
روئٹرز نے اس ویڈیو کی تصدیق دیگر مستند فوٹیج سے کی ہے جس میں وہی افراد نظر آتے ہیں۔ روئٹرز نے یہ بھی تصدیق کی کہ ویڈیو میں موجود مسلح افراد وہی ہیں جنہیں پولیس نے گھیرے میں لیا تھا۔
پولیس کے مطابق ایک مشتبہ حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرا تشویشناک حالت میں ہے، اور یہ بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا کوئی تیسرا حملہ آور بھی شامل تھا۔
راہگیر کی بہادری کی یہ فوٹیج سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور لوگوں نے اس شخص کو سراہا کہ اس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر کئی جانیں بچائیں۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق اس 43 سالہ احمد کی فروٹ کی دکان ہے۔ احمد کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ انہیں دو گولیاں لگیں لیکن ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں۔
اتوار کو آسٹریلیا کے مشہور سڈنی بونڈائی بیچ پر دو مشتبہ حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے 11 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
