سعودی عرب اور عمان کی رابطہ کونسل کا مسقط میں تیسرا اجلاس
دونوں وزرائے خارجہ نے کونسل کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو عمانی ہم منصب سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزرائے خارجہ نے سعودی، عمانی رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس کی صدارت کی۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ’یہ اجلاس العلا میں ہونے والے دوسرے اجلاس کا تسلسل ہے جس کے مثبت اور نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوئے۔‘

انہوں نے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔
قبل ازیں شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی، عمانی رابطہ کونسل کے تیسرے اجلاس میں شرکت کےلیے عمان پہنچے تو مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرعمانی ہم منصب سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے ان کا خیرمقدم کیا۔
