Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساما نے ترسیلات زر سمیت بینکنگ خدمات کی فیسیں کم کردیں

’مدى کارڈ کے دوبارہ اجرا کی فیس 30 ریال سے کم کرکے 10 ریال کر دی گئی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی سینٹرل بینک ’ساما‘ نے بینکنگ خدمات کی فیس سے متعلق نئی رہنمائی جاری کی ہے جس میں سابقہ فیس کے ساتھ تقابلی جائزہ بھی شامل ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ساما نے ترسیلات زر، مدی کارڈ اور بینکوں کی انتظامی فیسیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
ساما کی نئی ہدایت کے مطابق برانچ کے ذریعے مستقل ادائیگی ’اسٹینڈنگ آرڈر‘ کی فیس 15 ریال سے کم کرکے 5 ریال کر دی گئی ہے جبکہ اس کی منسوخی بلا معاوضہ ہوگی۔
ملک کے اندر الیکٹرانک ترسیل کی فیس 2,500 ریال تک کی رقوم کے لئے 0.5 ریال اور 2,500 سے 20,000 ریال تک کی رقوم کے لئے ایک ریال مقرر کی گئی ہے۔
ساما کی نئی ہدایت کے مطابق مدى کارڈ کے دوبارہ اجرا کی فیس ’گم ہونے، خراب ہونے یا خفیہ نمبر میں غلطی کی صورت میں‘ 30 ریال سے کم کرکے 10 ریال کر دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خریداری کی ٹرانزیکشن فیس 2 فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ بین الاقوامی نقد رقم نکلوانے کی فیس 3 فیصد تک، زیادہ سے زیادہ 25 ریال رکھی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، غلط اعتراض یا اسٹیٹمنٹ پر اعتراض کی صورت میں 15 ریال فیس عائد ہوگی۔
نمایاں ترین تبدیلیوں میں فنانسنگ کی رقم پر عائد زیادہ سے زیادہ فیس کو 5,000 ریال سے کم کرکے 2,500 ریال کردیا گیا ہے۔
فنانسنگ کی مصنوعات ’رہائشی، ہاؤسنگ فنانسنگ کے لیے فیس کو فنانسنگ کی رقم کے فیصد یا 5,000 ریال (جو کم ہو) سے کم کرکے 0.5 فیصد یا زیادہ سے زیادہ 2,500 ریال کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام مستفید ہونے والوں پر مالی بوجھ میں نمایاں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔
بینک چیک کے اجرا یا منسوخی کی فیس 10 ریال سے کم کرکے 5 ریال کر دی گئی ہے۔
ایک سال سے کم مدت پرانے چیک کی نقل کی درخواست پر 5 ریال جبکہ ایک سال سے زائد پرانے چیک کی نقل پر 10 ریال فیس مقرر کی گئی ہے۔
قرض کی تصدیق یا منتقلی سے متعلق دستاویزات بلا معاوضہ جاری کی جائیں گی، اسی طرح ایک سال سے کم مدت کی باقاعدہ اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹس بھی مفت ہوں گی۔
ایک سال سے زائد مدت کی اسٹیٹمنٹس الیکٹرانک طور پر بلا فیس دستیاب ہوں گی جبکہ برانچ سے حاصل کرنے کی صورت میں 15 ریال فیس عائد ہوگی خواہ مدت ایک سے پانچ سال ہو یا اس سے زیادہ۔
رہنما میں واضح کیا گیا ہے کہ فیس میں ترسیل ’ڈیلیوری‘ کے اخراجات شامل نہیں ہوں گے جبکہ کارڈز برانچوں سے بلا معاوضہ حاصل کئے جا سکیں گے۔
یہ تمام ترمیمات اشاعت کی تاریخ سے 60 دن کے اندر نافذ العمل ہوں گی۔

شیئر: