اسلام آباد: کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کی پاکستان کے چیف آف دی نیول سٹاف سے ملاقات
کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
منگل کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ’پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور معزز مہمان نے پاک بحریہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔‘
مزید کہا گیا کہ نیول چیف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے بحری افواج کے مابین پیشہ ورانہ روابط اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
