Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد کی حوثیوں کے خلاف کارروائیاں، متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرونز اڈے تباہ

عسکری سرگرمیوں کے لیے مخصوص 7 فوجی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
یمنی میں آئینی حکومت کی حمایت کے لیے قائم عرب عسکری اتحاد کے ترجمان میجرجنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ جمعے کی صبح اتحادی فورسز نے عسکری کارروائیاں کرتے ہوئے حوثیوں کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز اڈوں کو نشانہ بنایا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق المالکی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اتحادی افواج کی کارروائیوں کا مقصد خطرے کے ذرائع کو تباہ اور غیرموثر بنانا ہے تاکہ یمن اور سعودی عرب میں شہریوں کو نشانہ بنائے جانے والی کارروائیوں کی روک تھام کی جا سکے۔
اتحاد کے ترجمان نے مزید بتایا کہ  کارروائی کے دوران حوثیوں کی عسکری سرگرمیوں میں معاونت کے لیے مخصوص 7 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے لانچنگ پلیٹ فارمز اور 6 ورکشاپس کو بھی تباہ کیا گیا جہاں ڈرونز کو اسمبل کیا جاتا تھا۔
المالکی کا کہنا تھا کہ صنعاء میں حوثی ملیشیا کے ایک اہم سپلائی ڈپو کو بھی غیرموثر بنا دیا گا ہے۔ کارروائی کے دوران حدیدہ بندرگاہ پر اسلحہ اور بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی اور سمگلنگ کے لیے مخصوص مقامات اور صلاحیتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حوثی دہشت گرد ملیشیا کی عسکری سرگرمیوں میں معاون اہم تنصیبات اور خطرے کے ذرائع کو غیرموثر بنانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ جس میں صنعاء، تعز اور صعدہ صوبوں میں عسکری اہداف اور بیلسٹک میزائلوں کے آپریشنز کو تباہ کرنا بھی شامل ہے۔
قبل ازیں اتحادی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کی جانب سے جاری بیان میں الحدیدہ بندرگاہ کے حوالے سے یمنی شہریوں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ سلامتی کے پیش نظر علاقے کو خالی کردیں۔

شیئر: