سعودی عرب میں ’ایڈونچر سے بھرپور‘ ڈاکار ریلی 2026 کا آغاز، خواتین ڈرائیورز بھی شریک
سعودی عرب میں سنیچر 3 جنوری سے ڈاکار ریلی 2026 کے جغرافیائی تنوع اور ایڈونچر سے بھرپور سفر کا آغاز بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع ینبع سے ہوا ہے۔ مملکت ساتویں مرتبہ ریلی کی میزبانی کر رہی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ابتدائی مرحلے کا آغاز سات کیٹیگریز میں ہوا، 787 شرکا مقابلے میں شامل تھے، جس میں سویڈش ڈرائیور نے سبقت حاصل کی۔ 518 کلومیٹر کا پہلا مرحلہ اتوار کو شروع ہوگا۔
اس ریلی کا انعقاد وزارتِ سپورٹس کی نگرانی میں سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کے اشتراک سے کیا گیا ہے اور اس کی مارکیٹنگ سعودی موٹر سپورٹس کمپنی کرتی ہے۔
ڈاکار ریلی، العلا، حائل، ریاض، وادی الدوسر، بیشہ، اور الحناکیہ سے گزرتی ہوئی سنیچر 17 جنوری کو ینبع میں اختتام پذیر ہوگی۔ روٹ میں ایک ابتدائی اور 13 مقابلہ جاتی مراحل شامل ہیں۔
ڈاکار ریلی، متنوع صحرائی ماحول میں ڈرائیونگ کے ایک غیرمعمولی تجربے کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے۔

اس ریلی میں وسیع پیمانے پر شرکت سعودی عرب کے موٹر سپورٹس کے لیے ایک عالمی مرکز بننے کی عکاسی کرتی ہے۔
ریلی میں تقریباً 433 گاڑیاں اور 812 شرکا شامل ہیں جو 69 ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ سعودی عرب سے 25 مرد و خواتین بھی ریلی میں شریک ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی شرکا کی قیادت گزشتہ ایڈیشن کے چیمپئن یزید الراجحی کر رہے ہیں جو اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے ڈاکار ریلی میں 12ویں مرتبہ شرکت کی تیاری کر رہے ہیں۔

چیلنجر کلاس میں دانیہ عقیل ایک نمایاں سعودی کھلاڑی ہیں اور وہ ڈاکار ریلی میں پانچویں بار حصہ لے رہی ہیں۔ وہ 2022 میں آٹھویں نمبر پر رہیں اور 2021 میں ٹی تھری کیٹیگری کا عالمی کپ جیت چکی ہیں۔
ورلڈ ریلی ریڈ چیمپئن شپ میں کامیابیوں کے ایک سلسلے کے بعد کار کیٹیگری میں صفِ اول کے مقابلہ کرنے والوں میں ان کی پوزیشن مزید مضبوط ہو چکی ہے۔
یہ ریلی ایک نئے راستے بحیرۂ احمر کے ساحل سے شروع ہو کر سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے گزرے گی جس میں صحرا، ریت کے ٹیلے، پہاڑ اور ساحلی راستے شامل ہوں گے جو ڈرائیوروں کی تیاری اور برداشت کو آزمائیں گے۔

اس سال ڈاکار کلاسک میں 97 پرانی گاڑیاں شامل ہوں گی، جن میں 75 کاریں اور 22 ٹرک شامل ہیں جو 1980 اور 1990 کی دہائیوں سے لے کر 2005 تک کے ماڈلز ہیں۔
نیا 2924 کلومیٹر کا طویل راستہ رفتار کے بجائے تسلسل اور برداشت پر توجہ دے گا۔
ڈاکار 2026 کا نیا روٹ ریلی کی شاندار روایت کے مطابق چیلنجز پیش کرتا ہے جہاں ہر علاقہ اپنی رفتار اور تکنیکی تقاضے رکھتا ہے اور دو ہفتوں پر مشتمل اس سخت مقابلے میں وہی ڈرائیور کامیاب ہوں گے جو خود کو حالات کے مطابق ڈھال کر پوری توجہ برقرار رکھ سکیں۔
