Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: شاہ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

ریاض کے شمال میں شاہ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کا دسواں ایڈیشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا جس میں سعودی میراث، ثقافت اور معیشت ایک جگہ اکٹھے نظر آئے۔
یکم دسمبر 2025 کو فیسٹیول کا آغاز ہوا جو تین جنوری 2025 تک جاری رہا۔ یہ ایونٹ سعودی عرب کی تاریخ میں اونٹوں کی اہمیت کو واضح کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فیسٹیول میں 34 دن تک مقابلے اور ثقافتی ایونٹس جاری رہے جس میں مملکت اور خلیجی ملکوں سے اونٹ مالکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب میں کراؤن پرنس کیمل ریسں نے لوگوں اور میڈیا کی توجہ حاصل کی۔ 
فیسٹیول میں مقابلوں کی انعامی رقم 200 ملین ریال سے زیادہ تھی، اس کے ساتھ 9 ہزار اونٹوں کی خرید و فروخت ریکارڈ کی گئی، کچھ  سودوں کی قیمت 15 ملین ریال تک پہنچ گئی۔

یہ فیسٹیول صرف اونٹوں کی خرید و فروخت یا مقابلے تک ہی محدود نہیں تھا بلکہ اس میں کئی مختلف ثقافتی اور تفریحی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔
اس کا ایک مقصد  ثقافتی سیاحت کو نمایاں کرنا اور بین الاقوامی وزیٹرز کے سامنے سعودی میراث کی نمائش کرنا تھا۔
روایتی ہنر اور پکوانوں نے لوگوں کو اپنی طرف خصوصی طور پر متوجہ کیا۔

یہ ایونٹ سیاحوں کو اونٹوں کی متنوع دنیا سے متعارف کرانے کا ذریعہ رہا۔ اس میں اونٹوں کی نسل سے لے کر سعودی ورثے میں ان کی اہمیت تک سب کچھ شامل کیا گیا۔
فیسٹیول میں 50 سے زیادہ ملکوں کے تین ہزار سے زیادہ غیر ملکی سیاحوں، سفیروں اور معروف شخصیات نے شرکت کی۔

 غیرملکیوں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت سے سعودی عرب میں اس ایونٹ کی شہرت اعلٰی معیار کے ایک ثقافتی ایونٹ کی حیثیت سے مستحکم ہو رہی ہے۔
کیمل فیسٹیول اب نہ صرف ایک بڑے ثقافتی منظر میں تبدیل ہو چکا ہے بلکہ مملکت کے اس وژن کی علامت بھی بن گیا ہے جس کے تحت ثقافتی تبادلوں اور سیاحت میں اضافہ کیا جانا ہے۔

 

شیئر: