ایک منٹ 35 سیکنڈ پر مشتمل اس ٹیزر میں شاہد کپور کو ایک مختلف، وائلنٹ (پُرتشدد) اور جذباتی کردار میں دکھایا گیا ہے جبکہ فلم میں رومانس، ایکشن اور ایک غیر روایتی کہانی کا امتزاج نظر آتا ہے۔
ٹیزر کا آغاز ایک کشتی سے ہوتا ہے جہاں پر شاہد کپور کا کردارغصے میں ’چھوٹو‘ کو آوازیں لگاتا دکھائی دیتا ہے۔ کاؤ بوائے ہیٹ، کالی بنیان، گلے میں چین اور جسم پر بنے ٹیٹوز کے ساتھ شاہد کپور کا کردار ان کے جارحانہ اور بے قابو انداز کو نمایاں کرتا ہے۔
ٹیزر میں نانا پاٹیکر، وکرانت میسی، دیشا پٹانی، تمنّا بھاٹیہ اور اویناش تیواری کے کرداروں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں جو اپنی اپنی منفرد اداکاری کے ساتھ فلم کو مزید دلچسپ بناتی ہیں۔
ٹیزر میں ایک چونکا دینے والا مکالمہ سینیئر اداکارہ فریدہ جلال کا ہے جو عام طور پر نرم اور ماں جیسے کرداروں کے لیے جانی جاتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’محبت میں اٹھو تو رومیو ہو اور اس میں ڈوب جاؤ تو بے کار (اصل ڈائیلاگ میں غیرشائستہ الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے)‘، جس نے ناظرین کو حیران بھی کیا اور محظوظ بھی۔
’او رومیو‘ 13 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فائل فوٹو: فلم گریب)
بعد ازاں ٹیزر میں ترپتی ڈمری کی انٹری ہوتی ہے جن کے لیے شاہد کپور کا کردار نرم اور رومانوی روپ اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں محبت کے ساتھ ساتھ خوفناک اور تباہ کن پہلو بھی نمایاں ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر ٹیزر کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ شائقین خاص طور پر فریدہ جلال کے غیر متوقع مکالمے اور شاہد کپور کی ’وائلنٹ‘ اداکاری کی تعریف کر رہے ہیں۔ کئی مداحوں نے فلم کو شاہد کی فلم ’کمینے‘ جیسی وائبز سے بھی تشبیہہ دی ہے۔
’او رومیو‘ کی کہانی وشال بھردواج نے لکھی ہے اور ہدایت کاری بھی انہی نے کی ہے جبکہ روہن نارولا شریک مصنف ہیں۔
فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا ہیں جبکہ یہ فلم 13 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔