Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ترک صدر رجب طیب اردوغان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل کر لیا

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ دفاع کے مکہ معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
اس پیش رفت سے متعلق ترکیہ کے سرکاری گزٹ نے جمعے کو رپورٹ کیا ہے۔
اس طرح رواں ماہ کے اوائل میں پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ترکیہ کی جانب سے اس معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
تینوں ممالک نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے خدشات کے تناظر میں اگست میں مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاع کے اس معاہدے پر دستخط کیے تھے جبکہ تینوں ممالک کے درمیان جمعے اور سنیچر کو اسلام آباد میں اجلاس بھی طے ہیں۔
ترک پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو اس معاہدے کی منظوری دی تھی جس سے یمن میں حوثیوں کی جانب سے سعودی مملکت پر حملوں کے پیش نظر انقرہ کے لیے ریاض کو فوجی مدد فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
اس معاہدے کے تحت کسی ایک فریق پر حملہ تمام فریقین پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
ترکیہ کی حکمران جماعت کے ایک رکن پارلیمنٹ نے گزشتہ ماہ خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ترکیہ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب میں فوجی اہلکار تعینات کرنے کے مینڈیٹ کے لیے بھی پارلیمنٹ میں ایک تجویز پیش کرے گا۔
واضح رہے کہ ترکیہ نیٹو میں دوسری سب سے بڑی فوج رکھتا ہے۔

 

شیئر: