Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونان: 2700 سال پہلے ’تشدد کے بعد قتل‘ کیے جانے والے افراد کی اجتماعی قبر عوام کے لیے کھول دی گئی

2016 میں ماہرین آثارِ قدیمہ نے یہاں 79 مردوں کی لاشیں دریافت کی تھیں (فوٹو: اے ایف پی)
یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے جنوب میں 2700 سال پرانی ایک اجتماعی قبر کو بدھ کے روز عوام کے لیے کھول دیا گیا، جہاں درجنوں ایسے نوجوانوں کی باقیات محفوظ ہیں جنہیں قدیم ایتھنز میں اجتماعی طور پر قتل کیا گیا تھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فالیرو کے علاقے میں واقع اس قدیم قبرستان میں اب تک ہر عمر کے دو ہزار سے زائد افراد اور متعدد گھوڑوں کی باقیات دریافت ہو چکی ہیں۔
2016  میں ماہرین آثارِ قدیمہ نے یہاں 79 مردوں کی لاشیں دریافت کی تھیں، جو تین مختلف خندقوں میں گروپوں کی شکل میں دفن تھے۔ ان میں سے کئی کے ہاتھوں میں زنگ آلود لوہے کی بیڑیاں موجود تھیں جبکہ بیشتر نوجوان یا نو عمر افراد تھے۔
ماہرین کے مطابق ایک دہائی پر محیط تحقیق سے معلوم ہوا کہ ان افراد کو سر کے پچھلے حصے پر کسی بھاری ہتھیار سے وار کر کے قتل کیا گیا تھا۔
اس دل دہلا دینے والی نمائش کو ایتھنز کے سٹاوروس نیارکوس کلچرل سینٹر کے پارک کے نیچے تعمیر کردہ خصوصی زیرزمین ہال میں رکھا گیا ہے۔ داخلی دروازے پر ایک انتباہی بورڈ نصب ہے جس پر لکھا ہے کہ ’اس حصے میں تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کے حقیقی ڈھانچے رکھے گئے ہیں۔ براہِ کرم اپنے دورے کو جاری رکھنے یا ختم کرنے کا فیصلہ اس معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔‘
920  مربع میٹر پر مشتمل اس نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے یونانی وزیر ثقافت لینا مینڈونی نے کہا کہ یہ دریافت ایتھنز کی تاریخ کے ’تاریک ترین ادوار‘ میں سے ایک پر روشنی ڈالتی ہے، جب مختلف گروہ شہر پر قبضے کے لیے برسرِ پیکار تھے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ افراد ساتویں صدی قبل مسیح میں زندہ تھے اور ممکنہ طور پر سیلون بغاوت کے حامی تھے، جو ایتھنز میں اقتدار پر قبضے کی ایک ناکام کوشش تھی۔ بعد ازاں انہیں گرفتار کر کے قتل کر دیا گیا۔
ایتھنز میں قائم سویڈش آرکیالوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یہ ایتھنز کے علاقے میں اجتماعی طور پر پھانسی دیے گئے افراد کی قدیم ترین معلوم اجتماعی تدفین ہے۔

ماہرین کے مطابق اس قدیم قبرستان کا بڑا حصہ اب بھی اس ثقافتی مرکز کے نیچے موجود ہے (فوٹو: اے ایف پی)

آثارِ قدیمہ کے جریدے آرکیالوجی میگزین نے 2016 میں اس دریافت کو دنیا کی دس اہم ترین آثارِ قدیمہ دریافتوں میں شامل کیا تھا۔
ریت میں محفوظ رہنے کی وجہ سے یہ ڈھانچے ہزاروں سال تک برقرار رہے، تاہم زمین سے نکالے جانے کے بعد ان میں تیزی سے خرابی آنے لگی، جس کے باعث انہیں مخصوص درجہ حرارت اور نمی والے ماحول میں رکھا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس قدیم قبرستان کا بڑا حصہ اب بھی اس ثقافتی مرکز کے نیچے موجود ہے، جو تقریباً ایک دہائی قبل تعمیر کیا گیا تھا۔
تحقیقات میں یہ بھی پتا چلا ہے کہ یہاں دفن کئی افراد کو قتل سے قبل تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بعض کو بے حرمتی کی علامت کے طور پر اوندھے منہ دفن کیا گیا جبکہ کچھ کے ہاتھ اور پاؤں اس طرح باندھے گئے تھے جیسے مویشیوں کو باندھا جاتا ہے۔
بدھ کو ماہرین نے بتایا کہ اس قبرستان میں دفن بالغ افراد میں سے تقریباً 20 فیصد تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہوئے تھے۔

یہ قبرستان تقریباً 400 سال تک استعمال میں رہا اور آٹھویں صدی قبل مسیح سے چوتھی صدی قبل مسیح تک یہاں تدفین کا سلسلہ جاری رہا (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب ایتھنز میں امریکی سکول آف کلاسیکل سٹڈیز اس مقام سے ملنے والے 1100 افراد کی باقیات پر الگ تحقیق کر رہا ہے، جس کے نتائج 2028 میں شائع کیے جائیں گے۔
یہ قبرستان تقریباً 400 سال تک استعمال میں رہا اور آٹھویں صدی قبل مسیح سے چوتھی صدی قبل مسیح تک یہاں تدفین کا سلسلہ جاری رہا۔

 

شیئر: