سال 2025 میں ریلیز ہونے والی فلمیں، شاہد کپور سے شروعات اور عالیہ بھٹ پر اختتام
سال 2025 میں ریلیز ہونے والی فلمیں، شاہد کپور سے شروعات اور عالیہ بھٹ پر اختتام
جمعرات 28 نومبر 2024 17:36
دسمبر 2025 میں عالیہ بھٹ کی فلم ’ایلفا‘ ریلیز ہوگی۔ فوٹو: انڈین ایکسپریس
سال 2024 اپنے اختتام کو ہے اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ بالی وڈ فلم انڈسٹری کے لیے یہ ایک کامیاب سال رہا۔
ستری ٹو اور بھول بھلیاں 3 کی بلاک بسٹر کامیابی کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ بالی وڈ آئندہ سال بھی شائقین کو بہترین فلموں کے ساتھ محظوظ رکھے گی۔
فلموں کی دنیا پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق 24 جنوری 2025 میں اکشے کمار کی فلم ’سکائی فورس‘ کی ریلیز متوقع ہے جبکہ اس کی ریلیز کے پہلے ہفتے میں 31 تاریخ کو شاہد کپور کی فلم ’دیوا‘ سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔
سکائی فورس فلم میں اکشے کمار کے ساتھ اداکارہ نمرت کور اور سارہ علی خان بھی منفرد کرداروں میں نظر آئیں گی جبکہ فلم دیوا میں شاہد کپور کے ساتھ اداکارہ پوجا ہیج ہوں گی۔
وکی کوشال کی فلم ’چاوا‘ رواں سال 6 دسمبر کو ریلیز ہونا تھی جو اب 14 فروری کو پیش کی جائے گی۔
مارچ کا مہینہ بالی وڈ شائقین کے لیے سب سے دلچسپ رہے گا۔ عید کے موقع پر سلمان خان اپنے فینز کے لیے فلم سکندر کا تحفہ لے کر آ رہے ہیں۔ سلو بھائی کے ساتھ فلم اینیمل کی ہیروئن رشمیکا مندنا بھی دکھائی دیں گی۔
اسی مہینے میں اکشے کمار کی فلم بھی ریلیز ہونی ہے جو انڈین نیشنل کانگرس کے صدر سی سنکرن نائر کی زندگی پر بنائی گئی ہے۔ اس فلم کا نام فی الحال طے ہونا باقی ہے۔
اپریل میں جھانوی کپور اور ورون دھون فلم ’سنی سنسکری کی تلسی کماری‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے جو 18 تاریخ کو ریلیز ہونی ہے۔
فلم ’دے دے پیار دے‘ کا سیکویل بھی 2 مئی کو ریلیز ہو رہا ہے جس میں اجے دیوگن اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
آئندہ سال کامیڈی فلم بھی دیکھنے کو ملے گی۔ جون میں عید الاضحیٰ کے موقع پر اکشے کمار کی فلم ’ہاؤس فل 5‘ ریلیز ہو رہی ہے اور یہی توقع کی جا رہی ہے کہ گذشتہ فلموں کی طرح یہ بھی ہنسی مذاق سے بھرپور ہوگی۔
14 اگست کو ریتک روشن اور کیارا اڈوانی کی ’وار 2‘ اور 15 اگست کو انوپم کھیر اور متھن چکربورتی کی ’دہلی فائلز‘ سنیما میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ٹائیگر شروف کی باغی 2 ستمبر کے پہلے ہفتے میں ریلیز ہوگی۔
اکتوبر میں ورون دھون اور پوجا ہیج لو سٹوری ’ہے جوانی تو عشق ہونا ہے‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے جبکہ اسی ماہ دیوالی کے موقع پر رشمیکا مندانا کی فلم ’تھاما‘ بھی ریلیز ہوگی۔
سال 2025 عالیہ بھٹ کی فلم ’ایلفا‘ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونی ہے۔