Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سٹاک مارکیٹ میں غیر ملکیوں کے حصص شہریوں سے بڑھ گئے

’انڈیکس 11433 پوائنٹس کی سطح سے تجاوز کر گیا ہے جو مئی کے بعد سب سے بلند سطح ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی سٹاک مارکیٹ نے آج پیر کو نمایاں اضافہ درج کیا ہے جو تقریباً 1.8فیصد رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مارکیٹ نے 203 سے زائد پوائنٹس کا منافع حاصل کرتے ہوئے اوپر جاتی ہوئی رفتار کو جاری رکھا ہے۔
عام انڈیکس 11433 پوائنٹس کی سطح سے تجاوز کر گیا ہے جو مئی کے بعد سب سے بلند سطح ہے۔
 یہ سرمایہ کاری کی کارکردگی میں نمایاں بہتری اور سعودی مالیاتی مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی علامت کے علاوہ غیر ملکیوں کے بڑھتے ہوئے حصص کی وجہ سے ہے۔

’مارکیٹ نے 203 سے زائد پوائنٹس کا منافع حاصل کیا ہے‘ (فوٹو : سبق)

العربیہ کے مطابق خلیج سے باہر کے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 25 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں سعودی سٹاک مارکیٹ میں کل خریداری کا تقریباً 48.98 فیصد حصہ حاصل کیا جو تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
یہ پہلی بار ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خریداری کا تناسب سعودی سرمایہ کاروں سے بڑھ گیا کیونکہ ان کا حصہ 48.6٪ رہا جیسا کہ ’تداول‘ کے اعداد و شمار میں ظاہر ہوا ہے۔

’مارکیٹ میں کل خریداری کا تقریباً 48.98 فیصد حصہ حاصل کیا جو تاریخ میں سب سے زیادہ ہے‘ ( فوٹو: سبق)

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی یہ تاریخی خریداری اس وقت سامنے آئی جب یہ خبریں آئیں کہ ریگولیٹری ادارے غیر ملکیوں کو مقامی کمپنیوں میں اپنی ملکیت بڑھانے کی اجازت دینے جا رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کل خریداری 19.275 ارب ریال رہی ہے جبکہ سعودی سرمایہ کاروں کی خریداری 19.127 ارب ریال رہی۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نیٹ خریداری میں ریکارڈ 5.829 ارب ریال کا اضافہ کیا ہے جبکہ سعودی سرمایہ کاروں نے نیٹ فروخت میں تقریباً 6.05 ارب ریال درج کی ہے۔

’غیر ملکی سرمایہ کاروں کی خریداری 19.275 ارب ریال رہی ہے جبکہ سعودیوں کی خریداری 19.127 ارب ریال رہی‘ ( فوٹو: سبق)

گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں کل خریداری 39.35 ارب ریال تک پہنچ گئی۔
سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے بورڈ ممبر عبد العزیز بن حسن نے بتایا ہے کہ اتھارٹی ان قواعد کو نرم کرنے کے قریب ہے جو غیر ملکیوں کی ملکیت کو لسٹڈ کمپنیوں میں زیادہ سے زیادہ 49 فیصد تک محدود کرتے ہیں جس کے بعد غیر ملکی ان کمپنیوں میں اکثریتی حصص حاصل کر سکیں گے۔

شیئر: