Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوات: بم دھماکے میں امن کمیٹی کے ممبر سمیت پانچ افراد ہلاک

وزیراعلیٰ محمود خان نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ (فوٹو: سوات پولیس)
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے براہ بانڈئی میں امن کمیٹی کے ممبر سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ڈی پی او سوات زاہد مروت کے مطابق منگل کو ’امن کمیٹی کے ممبر ادریس خان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہلاک ہونے والے افراد میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔‘
زاہد مروت کا کہنا تھا ’دھماکہ بظاہر ریموٹ کنٹرول کا لگ رہا ہے۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے۔‘
دوسری جانب وزیراعلیٰ محمود خان نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور کہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضع رہے کہ گزشتہ مہینے ضلع لوئر دیر میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت نامعلوم افراد نے فائرنگ سے زخمی ہو گئے تھے جبکہ ان کا بھائی، بھتیجا یاسر، ایک پولیس اور ایک لیوی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ’نامعلوم افراد نے ایم پی اے ملک لیاقت کی گاڑی پر تحصیل میدان میں فائرنگ اس وقت کی جب وہ دیگر افراد کے ساتھ اپنے گھر جارہے تھے۔‘

شیئر: