’سعودی کلچر کا ذائقہ‘: اٹلی میں مملکت کے پکوانوں کی نمائش
تقریب میں سعودی طباخی کمیشن کی شرکت، مملکت کی عالمی سطح پر نمائندگی کو تقویت دے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا طباخی کمیشن اٹلی کے شہر رِمِینی میں آج 16 جنوری سے شروع ہونے والی ’سی جیپ ورلڈ 2026‘، ’SIGEP WORLD 2026‘ نمائش میں شرکت کر رہا ہے جو رِمِینی ایکپسو سینٹر میں منعقد ہوگی۔
اس ایونٹ میں ’سعودی کلچر کا ذائقہ‘ کے نام سے ایک خصوصی پویلین بھی قائم کیا جائے گا جو نمائش میں آنے والوں کو ایک منفرد تجربہ پیش کرے گا اور سعودی عرب کے کھانے پکانے کے فن میں پائے جانے والے تنوع اور اس کی زرخیزی کو اجاگر کرے گا۔
اس تقریب میں سعودی طباخی کمیشن کی شرکت، مملکت کی عالمی سطح پر نمائندگی اور موجودگی کو تقویت دے گی۔ اس ایکسپو کا انتظام ’سی جیپ ورلڈ 2026‘ کے پاس ہے جو دنیا بھر میں تسلیم کیے جانے والے بہترین پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے جہاں مٹھائی، بیکری، کافی اور چاکلیٹ کے شعبوں سے وابستہ پروفیشنل اور شراکت داروں کو یکجا ہونے اور خیالات کے تبادلے کا موقع ملتا ہے۔
نمائش کے دوران طباخی کمیشن، سعودی طباخی کے فن کو لوگوں کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرنا چاہے گا اور مملکت کی مہمان نوازی کی مشہور روایت، متنوع پکوانوں اور سعودی عرب کی دیگر پروڈکٹس کی نمائش کرے گا اور ساتھ ساتھ انٹرایکٹیو ثقافتی اور طباخی تجربات کو اجاگر کرے گا۔
اٹلی میں ہونے والی ایکسپو میں طباخی کمیشن کی شرکت سے مملکت کے مختلف حصوں میں سعودی پکوانوں کا مستند ہونا نمایاں ہو کر دنیا کے سامنے آئے گا۔ اس سے سعودی عرب کی مختلف فصلوں اور غذائی پروڈکٹس کی بین الاقوامی سطح پر وسیع رسائی بھی بڑھے گی۔

سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس پویلین کے ذریعے لوگوں کے سامنے دل میں اتر جانے والے طرح طرح کے تجربات آئیں گے۔ ان میں سعودی مجلس کا تجربہ بھی شامل ہوگا جو مملکت میں روایتی طور پر لوگوں کے ایک مقام پر اکٹھا ہونے کا ایک قدیم انداز ہے۔
اس موقع پر سعودی عرب کی کافی اور کھجوروں کی پانچ اقسام کے ساتھ مہمانوں کا استقبال کیا جائے گا۔ اس سے مہمانوں کو نہ صرف مختلف سعودی پروڈکٹس کے بارے میں علم ہوگا بلکہ انہیں مملکت میں روایتی مہمانوں نوازی کا عملی مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔

پویلین میں انٹرایکٹیو ورکشاپس بھی منعقد ہوں گی جن میں سعودی عرب کی روایتی طباخی کے انداز اور جدید طریقوں کے ساتھ ان کے امتزاج کا عملی مظاہرہ بھی ہوگا۔
اس نمائش میں شرکت سے کمیشن اپنے اس مسلسل عزم پر کاربند ہے جس کے تحت سعودی ٹیلنٹ کو تعاون اور نمایاں قومی پروڈکٹس کو فروغ دینا ہے۔ اس سے کمیشن کی ان کوششوں کی اہمیت کا بھی علم ہوتا ہے جن سے وہ سعودی طباخی کے فنون کو ایک مالامال ثقافتی عنصر کے طور دنیا کے سامنے لانے کی کوشش کر رہا ہے جو بین الاقومی سٹیج پر اپنا مضبوط تاثر قائم کرتے ہیں۔