Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جمعے کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ہی ایاز صادق نے کہا کہ آج وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے چیف ویپ کو اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے لیے اپنے چیمبر میں بلا لیا اور کہا کہ ’عامر ڈوگر آپ میرے چیمبر آئیں، آپ کو نوٹیفکیشن دینا ہے۔‘
بعد ازاں انہوں نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب خان کے 9 مئی کے مقدمات میں نااہل ہونے سے خالی ہوا تھا۔
گذشتہ سال  چھ اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نو مئی کے کیسز میں انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں سے سزائیں پانے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے نو اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دے دیا تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز شبلی فراز اور عمر ایوب خان بھی نااہل قرار دیے گئے اراکین پارلیمان میں شامل ہیں۔
سابق وزیرِاعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے اس عہدے کے لیے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی کو نامزد کر رکھا تھا۔

 

شیئر: