Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمنی افواج کا حوثی اہداف پر 1087 حملوں اور 336 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

فوجی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں ’فجرِ یمن‘ مہم کا حصہ تھیں (فوٹو: اے ایف پی)
یمن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ انہوں نے جمعے کو حوثی ٹھکانوں پر 1087 حملے کیے، جن میں تقریباً 336 ملیشیا کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ہلاک کرنے اور 112 فوجی گاڑیوں اور دیگر عسکری سازوسامان کو تباہ یا ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فوجی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں ’فجرِ یمن‘ مہم کا حصہ تھیں جن میں جنگی طیاروں، ڈرونز، فیلڈ آرٹلری اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حملوں میں اگلے مورچوں پر قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، حوثیوں کے اجتماع اور کمک پہنچانے والے دستے، فائرنگ کی پوزیشنیں، قلعہ بندیاں، رسد اور نقل و حرکت کے راستے اور بھاری ہتھیاروں کی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
تعز میں سرکاری افواج اور ان کے اتحادی پاپولر ریزسٹنس کے جنگجوؤں نے ان مقامات پر چھاپے اور جوابی حملے جاری رکھے جنہیں عسکری لحاظ سے اہم قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فضائی حملوں میں حوثیوں کے اجتماعات، کمک پہنچانے والی فورسز اور دیگر ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
الجوف، مارب اور البیضاء کے محاذوں کے ساتھ ساتھ جنوبی اور جنوب مغربی علاقوں میں نگرانی کی کارروائیوں کو شدید فائرنگ کے ساتھ مربوط کیا گیا تاکہ دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے، اضافی دستوں کی تعیناتی روکی جا سکے اور مختلف محاذوں کے درمیان حوثی کمک کی نقل و حرکت محدود کی جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ مسلح افواج حوثیوں کی عسکری صلاحیتوں اور خطرے کے ذرائع کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گی، جبکہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں گی۔

 

شیئر: