امریکہ: ’وفاقی جج کو کیسے قتل کیا جائے؟‘ دستاویز کے مصنف کو قید کی سزا
ملزم کو اِس سے قبل بھی ریاست مینیسوٹا میں ایک وفاقی جج کو قتل کرنے کی دھمکی دینے کے جرم میں سزا سنائی جا چکی ہے (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کی ایک عدالت نے منگل کو ریاست مینیسوٹا کے ایک 73 سالہ شخص کو ساڑھے چھ سال قید کی سزا سنائی ہے، جس نے ’وفاقی جج کو کیسے قتل کیا جائے‘ کے عنوان سے ایک دستاویز تحریر کی اور اسے مختلف مقامات پر بھیجا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈسٹرکٹ جج کیرن شریئر نے رابرٹ آئیورز کو دھمکی آمیز پیغامات ڈاک کے ذریعے بھیجنے کے دو الزامات اور امریکہ کے ایک ضلعی جج کو قتل کرنے کی دھمکی دینے کے ایک الزام میں مجرم قرار دیا ہے۔
امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ رابرٹ آئیورز نے ’وفاقی جج کو کیسے قتل کیا جائے‘ کے عنوان سے ایک تحریری دستاویز منیاپولس کی ایک قانونی فرم اور یونیورسٹی آف سینٹ تھامس کو ڈاک کے ذریعے بھیجی تھی۔
محکمۂ انصاف کا کہنا ہے کہ اِس دستاویز میں ملزم کے خلاف پہلے چلنے والے فوجداری مقدمے میں گواہی دینے والے شخص اور اِس مقدمے کی سماعت کرنے والے جج کو نشانہ بنانے کی کُھلی اور انتہائی پرتشدد دھمکیاں شامل تھیں۔ اِس کے علاوہ وفاقی ججوں کو بھی عمومی طور پر دھمکیاں دی گئی تھیں۔
رابرٹ آئیورز کو رواں سال اگست میں 236 صفحات پر مشتمل یہ دستاویز لکھنے، اِس کی متعدد نقول تیار کرنے اور انہیں ڈاک کے ذریعے بھیجنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
اِس سے قبل سال 2019 میں بھی انہیں ریاست مینیسوٹا میں ایک وفاقی جج کو قتل کرنے کی دھمکی دینے کے جرم میں سزا سنائی جا چکی ہے۔
جج کیرن شریئر کے دستخط شدہ عدالتی حکم کے بعد رابرٹ آئیورز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد انہیں دو سال تک عدالتی نگرانی میں رہنا ہوگا۔
