سپین کے جزائرِ کینری میں تارکینِ وطن کی یومیہ آمد کا نیا ریکارڈ قائم
سپین کے جزائرِ کینری میں تارکینِ وطن کی یومیہ آمد کا نیا ریکارڈ قائم
بدھ 25 نومبر 2026 15:29
سپین کے جزائرِ کینری میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران 2100 سے زائد تارکینِ وطن کشتیوں کے ذریعے پہنچے ہیں (فوٹو: اے پی)
سپین کے جزائرِ کینری میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران 2100 سے زائد تارکینِ وطن کشتیوں کے ذریعے پہنچے ہیں، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سمندری ریسکیو سروس کے اعداد و شمار کے مطابق گنجائش سے زیادہ افراد کو لے کر آنے والی کشتیوں کی آمد نے صورتِ حال مزید سنگین کر دی ہے، جسے علاقائی حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی ناقابلِ برداشت قرار دیا تھا۔
ریسکیو سروس کے مطابق مغربی افریقہ سے خطرناک سمندری سفر کے دوران ایک تارکِ وطن کشتی میں مُردہ پایا گیا، جب کہ ایک خاتون نے سفر کے دوران ہی بچے کو جنم دیا۔
تارکینِ وطن کی روزانہ آمد کا یہ نیا ریکارڈ دو ہفتے قبل قائم ہونے والے سابقہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے، جب قریباً 1500 افراد جزائرِ کینری پہنچے تھے۔
زیادہ تر کشتیاں ایل ہیئرو جزیرے پر پہنچیں، جہاں قریباً 11 ہزار 400 افراد آباد ہیں۔ یہ جزیرہ مغربی افریقہ سے یورپ آنے والے تارکینِ وطن کے لیے اہم داخلی راستوں میں شمار ہوتا ہے۔
سپین کے وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے بدھ کو کہا کہ یورپ کو تارکینِ وطن کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے، جس میں سرحدی نگرانی سخت کرنے کے علاوہ سینیگال اور گیمبیا کے حکام سے تعاون بھی شامل ہو۔ تاہم اُنہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ سپین کو اُن شعبوں میں قانونی طریقوں سے تارکینِ وطن کی آمد کے راستے کھولنے چاہییں جہاں تربیت یافتہ کارکنوں کی کمی ہے، جن میں تعمیرات کا شعبہ بھی شامل ہے۔
پیڈرو سانچیز کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب اتوار کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران تارکینِ وطن کے حوالے سے اُن کی نسبتاً نرم پالیسی کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔
مغربی افریقہ سے جزائرِ کینری تک بحرِ اوقیانوس کا سمندری راستہ دنیا کے خطرناک ترین راستوں میں شمار ہوتا ہے اور ہر سال ہزاروں افراد اِس راستے سے گنجائش سے زیادہ بھری کشتیوں میں سپین پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اِس دوران انہیں طوفانی ہواؤں، تیز سمندری لہروں اور طویل فاصلے جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سپین کے وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ یورپ کو تارکینِ وطن کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے (فوٹو: روئٹرز)
اِس راستے سے آنے والے تارکینِ وطن کی تعداد عموماً موسمِ خزاں میں بڑھ جاتی ہے، کیوں کہ اِس دوران سمندر نسبتاً پُرسکون ہوتا ہے اور سفر کے لیے حالات زیادہ سازگار ہوتے ہیں۔
رواں سال نومبر کے آخری ہفتے تک جزائرِ کینری پہنچنے والے تارکینِ وطن کی مجموعی تعداد 28 ہزار ایک سو تین ہو چکی تھی، جو گذشتہ پورے سال کے مقابلے میں زیادہ ہے، تاہم 2024 میں قائم ہونے والے ریکارڈ سے اب بھی کم ہے۔ سال 2024 میں مجموعی طور پر 46 ہزار 843 تارکینِ وطن جزائرِ کینری پہنچے تھے، جن میں سے زیادہ تر سال کے پہلے نو ماہ کے دوران آئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق، صرف گذشتہ دو ماہ میں قریباً 21 ہزار افراد اِس جزیرے پر پہنچے ہیں۔