Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈنمارک: عدالتی کارروائی کے دوران پراسیکیوٹرز پر حجاب پہننے پر پابندی عائد

ڈنمارک میں سکولوں اور جامعات میں حجاب پر پابندی کے حوالے سے بھی بحث جاری ہے (فائل فوٹو: گیٹی)
ڈنمارک کی حکومت نے پراسیکیوٹرز کے لیے عدالتی کارروائی کے دوران حجاب پہننے پر پابندی عائد کرنے کے نئے ضوابط جاری کر دیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق بدھ کو جاری ہونے والے نئے قواعد کے تحت پراسیکیوٹرز کو عدالت میں پیشی کے دوران مذہبی اور سیاسی طور پر غیر جانب دار لباس پہننا ہوگا، جس کے تحت وہ ’حجاب نہیں پہن سکیں گے۔‘
ڈنمارک کے وزیر انصاف نکولائی وامن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’نئے ضوابط کے تحت پراسیکیوٹرز کو بھی پیشہ ور ججوں کی طرح عدالتی کارروائی میں مذہبی اور سیاسی غیر جانبداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس پابندی میں حجاب بھی شامل ہے، جس کے بعد پراسیکیوٹرز عدالتی سماعتوں کے دوران حجاب نہیں پہن سکیں گے۔‘ تاہم وزیر انصاف نے یہ واضح نہیں کیا کہ حجاب اتارنے سے انکار کرنے والے پراسیکیوٹرز کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ڈنمارک میں سکولوں اور جامعات میں حجاب پر پابندی کے حوالے سے بھی بحث جاری ہے۔ اس سے قبل سنہ 2018 میں ڈنمارک نے عوامی مقامات پر برقع اور نقاب سمیت چہرہ مکمل ڈھانپنے والے اسلامی لباس پر پابندی عائد کی تھی۔
ڈنمارک کی سوشل ڈیموکریٹ وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن نے حال ہی میں پرائمری اور لوئر سیکنڈری سکولوں میں حجاب پر پابندی کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔ یہ تجویز دائیں بازو اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
تاہم وزیر اعظم نے اس پابندی پر عمل درآمد کے حوالے سے تحفظات بھی ظاہر کیے اور کہا کہ ’ڈنمارک میں مذہبی آزادی اور آزادی اظہار کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔‘
دوسری جانب حقوقِ نسواں اور انسانی حقوق کے کارکن طویل عرصے سے حجاب پر پابندیوں کو خواتین کی مذہبی اور شخصی آزادی محدود کرنے کے مترادف قرار دیتے آئے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ خواتین کو یہ بتانا کہ وہ کیا پہن سکتی ہیں اور کیا نہیں، ان کی آزادی پر قدغن لگانے کے برابر ہے۔
میٹے فریڈرکسن نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے نزدیک حجاب جبر کی علامت ہے۔

شیئر: