Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سیاحت کا نیا باب‘، چترال جانے والے سیاحوں کے لیے چارٹرڈ فلائٹ سروس

جیٹریک ائیر لائن کی جانب سے ابتدائی طور پر چترال کے لیے ٹورسٹ چارٹرڈ فلائٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو: اردو نیوز)
صوبہ خیبرپختونخوا کے دلفریب سیاحتی مقامات کی سیاحت کے لیے دشوار گزار اور پرخطر راستوں پر سفر خطرے سے خالی نہیں ہوتے، جبکہ منزل تک پہنچنے کے لیے پورے دن کا سفر کرنا پڑتا ہے۔
سیاحوں کے اس مشکل سفر کو آرام دہ اور پرسکون بنانے کے لیے پہلی بار بین الاقوامی چارٹرڈ ایئرلائن کمپنی نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کے لیے سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیٹریک ائیر لائن کی جانب سے ابتدائی طور پر چترال کے لیے ٹورسٹ چارٹرڈ فلائٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ لگژری پروازیں اسلام آباد سے اُڑان بھریں گی۔
جیٹریک ائیرلائن کے نمائندوں اور ایوی ایشن عملے نے دو روز قبل اتوار کو چترال ائیرپورٹ کے لیے ٹیسٹ فلائٹ کی۔ پرواز کے دوران رن وے کی صورتِ حال اور موسم کا جائزہ لیا گیا۔ 
جیٹریک کے نمائندے عبدالمجید نے اس موقع پر کہا کہ ’یہ خصوصی پروازیں اسلام آباد سے اُڑان بھریں گے اور سیاحوں کو چترال ، ہنزہ اور سکردو کی سیر کروائی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سیاحوں کو ایک ہی فلائٹ میں ان خوبصورت سیاحتی مقامات کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔‘ 
جیٹریک ائرلائن کے نمائندے عبدالمجید نے کہا کہ ’جیٹریک دبئی کی کمپنی ہے جسے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔ جیٹریک آرام دہ اور لکژری پروازوں کے لیے دنیا بھر میں مقبول ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جیٹریک کمپنی اور چارٹرڈ جہاز کے عملے نے چترال میں کامیاب ٹیسٹ فلائٹ کے بعد ائیر پورٹ عملے سے بھی ملاقات کی اور سیاحوں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔‘
عبدالمجید نے کہا کہ ’اپریل کے آغاز میں پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا اور ابتدائی طور پر چارٹرڈ پروازیں شروع کی جائیں گی جبکہ شیڈول کی پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔‘

حرید شاہ نے کہا کہ فلائٹ سروس سیاحت کے شعبے میں یقیناً گیم چینجر ثابت ہوگی (فوٹو: بخاری گروپ فیس بک)

انہوں نے مزید کہا کہ ’تین وی آئی پی طیارے ان فلائٹس میں شامل ہیں جو صرف سیاحوں کے لیے مخصوص ہیں۔ دیگر مسافروں کے لیے بڑے طیاروں کی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔‘
چترال ایئرپورٹ کے منیجر راحیل مقصود کا کہنا تھا کہ ’جیٹریک کمپنی کا چترال کے لیے چارٹرڈ پروازوں کا آغاز خوش آئند ہے جس سے نہ صرف چترال میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ شمالی علاقہ جات میں بھی سیاحت کو پروموٹ کیا جاسکے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جیٹریک ایئرلائن نے چترال میں دو روزہ آزمائشی اور تربیتی پروازیں چلائیں جس کا مقصد محفوظ پرواز کو یقینی بنانا ہے۔‘
منیجر ائیر پورٹ راحیل مقصود کا کہنا تھا کہ ’چترال ایئرپورٹ مکمل فعال ہے جو اے ٹی آر سمیت ہر قسم کی فلائٹس کے لیے موزوں ہے اور جیٹریک پروازوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔‘
سیاحت کا نیا باب کھلے گا 
چترال کے سینیئر ٹور آپریٹر سید حرید شاہ نے اردو نیوز کوبتایا کہ ’جیٹریک ایئر لائن چترال میں سیاحت کے لیے فلائٹ سروس شروع کرنے جارہی ہے جو سیاحت کے شعبے میں یقیناً گیم چینجر ثابت ہوگی۔ ان پروازوں سے سیاحوں کو درپیش سفری مشکلات میں کمی آئے گی۔‘

کچھ ٹور گائیڈز کا یہ خیال ہے کہ ’چارٹرڈ فلائٹ کے ٹکٹ کا کرایہ بہت زیادہ ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ ’چترال آنے والے سیاحوں کو چارٹرڈ طیاروں کی سہولت میسر ہوگی۔ امید ہے کہ مقامی سیاحوں کے علاوہ غیر ملکی سیاح بھی اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’چترال میں برف سے ڈھکے پہاڑ، جھیلیں، آبشاریں اور نایاب جنگلی حیات موجود ہیں۔ چارٹرڈ پرواز سے فضائی سیاحت بھی ممکن ہوگی جبکہ وقت کی بھی بچت ہوگی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اپریل کے بعد سیاحت کے سیزن کا آغاز ہوتا ہے جب جشن قاقلشٹ، جوشی فیسٹول، شندور پولو فیسٹول سمیت دیگر مقامی ایونٹس منعقد ہوتے ہیں جن میں شرکت کے لیے جیٹریک ایئرلائن کی سروس سے فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔‘
دوسری جانب کچھ ٹور گائیڈز کا یہ خیال ہے کہ ’چارٹرڈ فلائٹ کے ٹکٹ کا کرایہ بہت زیادہ ہو گا جو ہر سیاح کے لیے برداشت کرنا ممکن نہیں ہوگا۔‘ 
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’لگژری فلائٹ مخصوص ہائی پروفائل افسروں یا غیرملکی مہمانوں کے لیے موزوں ہوگی تاہم اس فلائٹ سروس سے عام سیاح کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔‘

 

شیئر: