مشرق وسطیٰ میں فیفا کا پہلا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، سعودی یونیورسٹی ’کاوسٹ‘ کا انتخاب
پروفیسر ایڈورڈ برن نے کہا یہ کامیابی عالمی سطح پر مملکت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاس ہے (فوٹو: عرب نیوز)
فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن ’فیفا‘ نے سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ’کاوسٹ‘ کو فٹبال کی جدید تحقیق کی ترقی میں مدد کے لیے مشرق وسطی اور ایشیا میں اپنے پہلے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے طور پر نامزد کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کاوسٹ کے صدر پروفیسر ایڈورڈ برن نے بتایا کہ ’علاقائی سطح پر پہلے اور دنیا میں فیفا کے پانچویں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے طور پر کاوسٹ کا انتخاب ایک اہم کامیابی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ کامیابی بین الاقومی سطح پر فٹبال کے حوالے سے مملکت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاس ہے۔‘
کاوسٹ کو ملنے والا یہ اعزاز فٹ بال سے متعلق تحقیقی ترقی کی راہوں کو مزید مستحکم کرنے کا باعث ہوگا۔
کاوسٹ کی ویب سائٹ کے مطابق پہلا پروجیکٹ فیفا ورلڈ کپ براڈ کاسٹ فوٹیج کا الگورتھم تیار کرنے پر مرکوز ہے۔
