ریاض میں ’ہیومن کیپیبلٹی انیشیٹیو‘ کانفرنس کا تیسرا ایڈیشن
کانفرنس 3 اور 4 مئی 2026 کو کنگ عبدالعزیز کانفرنس سینٹر میں ہو گی (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرسرپرستی ’ہیومن کیپیبلٹی انیشیٹیو‘ کانفرنس کا تیسرا ایڈیشن مئی میں منعقد ہوگا۔
’ہیوم کوڈ‘ کے عنوان سے یہ کانفرنس 3 اور 4 مئی 2026 کو ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ہو گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کانفرنس میں انسانی صلاحیتوں کی نشوونما اور فروغ کے لیے تین مرکزی نکات پرتوجہ مرکوز کی جائے گی جن میں سوچ، ایجادات اور رابطہ شامل ہیں۔
کانفرنس میں انسانی صلاحیتوں کی ترقی کے شعبے کے 15 ہزارسے زائد ماہرین شرکت کریں گے جبکہ 250 سے زائد مقامی اور عالمی ماہرین و تھنک ٹینکس اور پالیسی ساز شخصیات مقررین کے طور پر شرکت کریں گی۔
سعودی وزیر تعلیم اور ہیومن کیپیبلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کی ایگزیکیٹو کمیٹی کے چیئرمین یوسف البنیان نے کہا کہ ’انسانی صلاحیتوں کی ترقی مملکت کی قیادت کی ترجیحات میں شامل ہے جو دنیا میں تیز رفتار تبدیلی سے ہم آہنگ ہونے کے لیے انتہائی اہم ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہیومین کیپیبلٹی انیشیٹیو ’ایچ سی آئی‘ کانفرنس کے سابقہ دو ایڈیشنز کی کامیابی کے بعد تیسرا ایڈیشن منعقد کیا جا رہا ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔‘
وزیر تجارت اور ہیومن کیپیبلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام کمیٹی کے رکن سعودی، برطانوی سٹریٹیجک پارٹنرشپ کونسل کی اقتصادی و سماجی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ماجد القصیبی نے کہا کہ ’برطانیہ ’کنٹری آف آنر‘ کے طور پر کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے جو سٹریٹیجک تعاون کا تسلسل ہے ۔
اس کی ابتدا گزشتہ ایڈیشن میں ہوئی تھی جس کا مقصد مملکت اور برطانیہ کے مابین اقتصادی ترقی، تعلیم اور تربیت کے شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔
واضح رہے کانفرنس کے سابقہ ایڈیشنز میں وزیٹرز کی تعداد 23000 سے زائد تھی جبکہ 550 سے زیادہ مقامی اور عالمی ماہرین نے شرکت کی۔ 156 مقامی اور عالمی اداروں سے معاہدے کیے گئے۔
